بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کیلئے انتخابات شیڈول کے مطابق 29مئی کو ہی ہونگے،صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان

بدھ 28 مئی 2014 06:42

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28مئی۔2014ء)صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان سید سلطان بایزید نے کہاہے کہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کیلئے انتخابات شیڈول کے مطابق 29مئی کو ہی ہونگے جبکہ بلوچستان ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق کسان/مزدور اور پروفیشنل/سوشل ورکرکے کیٹگریزپر انتخاب روک دیاگیاہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کے دوران کیا انہوں نے کہاکہ عورتوں کیلئے مخصوص2332نشستوں میں سے 1082نشستوں پر انتخاب ہوگاجن کیلئے 1773امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا ان نشستوں میں سے 1093بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں خواتین کیلئے مخصوص نشستوں میں سے کل 157خالی رہ گئی ہیں اسی طرح غیر مسلم کیٹگری کیلئے مخصوص نشستیں743ہیں جن میں سے 157بلا مقابلہ کامیاب ہوچکے ہیں 73نشستوں کیلئے 165امیدواروں کے درمیان 29مئی کو مقابلہ ہوگا اس کیٹگری کے 513نشستیں خالی رہ گئی ہیں اس کی وجہ یہ ہے کہ اندرون بلوچستان غیر مسلم کی آبادی نہ ہونے کے برابر ہے، الیکشن کمیشن نے 29مئی کو ہونے والے انتخابات کیلئے تمام ترتیاریاں مکمل کرلی ہیں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ بلوچستان ہائی کورٹ کے فیصلے سے میئر ڈپٹی میئر اور چیئرمین وڈپٹی چیئرمین کے انتخابات بھی متاثر ہوئے ہیں جبکہ عدالت نے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب کیلئے شوآف ہینڈ کو غیرآئینی قراردے کر اسے کالعدم قرار دیاہے اب دوبارہ آئین میں ترمیم ہوگی تاکہ میئر ڈپٹی میئر اور چیئرین کا انتخاب بھی خفیہ رائے دہی سے ہو ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اگر سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف حکم امتناعی جاری کیا تو الیکشن کمیشن روکے گئے کیٹگریز پر انتخابات کرانے کو تیار ہیں انہوں نے مزید کہاکہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 29مئی کو ہونے والی پولنگ کیلئے صوبے بھر میں 384پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں جبکہ انتخابات میں384پرایزائیڈنگ آفیسران اور 384پولنگ آفیسرز تعینات ہونگے میٹروپولیٹن کارپوریشن کی مخصوص نشستوں کیلئے پولنگ اسٹیشن ریلوے اکاؤنٹس اکیڈمی جبکہ ڈسٹرکٹ کونسل کی نشستوں کیلئے پولنگ اسٹیشن ایئرپورٹ روڈ پر زراعت کے دفتر میں قائم کیاگیاہے۔