تحریک انصاف کے رہنما آنکھوں کا معائنہ کرائیں‘ پنجاب اور کے پی کے میں واضح فرق نظر آئے گا، رانا ثناء اللہ،اصل مسئلہ دھاندلی نہیں‘ عمران خان ملک کی ترقی کی راہ میں روڑے اٹکانا چاہتے ہیں،پنجاب کی گڈگورننس کی تعریف عالمی ادارے بھی کرتے ہیں مگرعقل کے اندھوں کو کچھ سجھائی نہیں دیتا،عمران خان خواب میں بھی دھاندلی دھاندلی پکارتے ہیں، وہ ناکام ریلیوں سے سبق کیوں نہیں سیکھتے؟ عمران خان کی پریس کانفرنس پر ردعمل

بدھ 28 مئی 2014 06:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28مئی۔2014ء)صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے رہنما اپنی آنکھوں کا معائنہ کرائیں‘ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں فرق نظر آ جائے گا۔ مایوسیوں اور بدحواسیوں کے شکار عمران خان کو تقاریر اور میڈیا پر عوام کا وقت ضائع کرنے کے سوا اور کوئی کام نہیں ہے۔ اصل مسئلہ دھاندلی نہیں بلکہ تحریک انصاف کے رہنما ملک کی ترقی کی راہ میں روڑے اٹکانا چاہتے ہیں۔

صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ نے عمران خان کی پریس کانفرنس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نہ جانے کیوں میڈیا پر آ کر عوام کا وقت ضائع کر رہے ہیں۔

میڈیا پر عوام کا وقت ضائع کرنے کی بجائے عمران خان خیبرپختونخوا میں عوام کی خدمت کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب عمران خان کے ساتھی بھی دھاندلی کے بے بنیاد واویلا سے اکتا کر انہیں چھوڑ جائیں گے۔

(جاری ہے)

عمران خان خواب میں بھی دھاندلی دھاندلی پکارتے رہتے ہیں۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنما ناکام ریلیوں سے سبق کیوں نہیں سیکھتے۔ اسلام آباد کے بعد فیصل آباد میں ریلی کی ناکامی سے پی ٹی آئی بوکھلا چکی ہے اور بدحواسی میں الزام تراشی پر اتر آئی ہے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پنجاب میں گڈگورننس اور منصوبوں کی شفافیت کی تعریف عالمی ادارے بھی کر چکے ہیں۔ لیکن عقل کے اندھوں کا کیا کیجئے انہیں کچھ سجھائی نہیں دیتا۔