وزیراعظم کی سینٹ کے اجلاس میں مسلسل عدم شرکت، اپوزیشن نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بھر پور احتجاج پر غور شروع کر دیا، سینیٹ کے قواعد میں ترمیم کے باوجود وزیر اعظم ایوان کو کوئی اہمیت نہیں دیتے،زاہدخان

بدھ 28 مئی 2014 06:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28مئی۔2014ء)وزیر اعظم محمد نواز شریف کی طرف سے بار بار مطالبے کے باوجود سینیٹ کے اجلاس میں عدم شرکت کے معاملے پر اپوزیشن نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بھر پور احتجاج پر غور شروع کر دیا ہے اور سیاسی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ضمن میں اجلاس کے بائیکاٹ یا احتجاج کے بعد واک آؤٹ کرنے کے آپشنز پر غور کیا جارہا ہے ۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم ایک سال گزرنے کے باوجود ایک بار بھی سینیٹ میں نہیں آئے۔ سینیٹ نے اپنے ایک گزشتہ اجلاس میں قواعد میں ترمیم بھی منظور کیں جس کے تحت ہفتے میں ایک بار وزیر اعظم کی ایوان میں آمد کو لازمی قرار دیا گیا لیکن صورت حال پھر بھی تبدیل نہیں ہوئی ۔اس ضمن میں اے این پی کے رہنما زاہد خان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ اپوزیشن جماعتیں مل کر فیصلہ کریں گی کہ انہیں کیا کرنا ہے ۔

(جاری ہے)

اپوزیشن کو شدید تحفظات ہیں ۔صدارتی انتخابات میں بھی اپوزیشن کو باہر رکھا گیا اوراب سینیٹ کے قواعد میں ترمیم کے باوجود وزیر اعظم اس ایوان کو کوئی اہمیت نہیں دیتے ۔انہوں نے کہا کہ ہم پارلیمنٹ کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں اور اس تقدس کے تحفظ کے لئے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں جلد اس حوالے سے حکمت عملی مرتب کریں گی۔