وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کل اسلام آباد میں وزیراعظم یوتھ لون اسکیم کے تحت کامیاب نوجوانوں کو قرض کے چیک تقسیم کریں گے،اسکیم کی پہلی قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے 6 ہزار افراد میں 5.3 ارب روپے تقسیم کئے جائیں گے،اسکیم کی پہلی قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے 6 ہزار افراد میں 5.3 ارب روپے تقسیم کئے جائیں گے،سید احمد اقبال اشرف

منگل 3 جون 2014 07:13

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3جون۔2014ء) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف 4 جون کو اسلام آباد میں وزیراعظم یوتھ لون اسکیم کے تحت کامیاب نوجوانوں کو قرض کے چیک تقسیم کریں گے، اسکیم کی پہلی قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے 6 ہزار افراد میں 5.3 ارب روپے تقسیم کئے جائیں گے، وزیراعظم یوتھ لون اسکیم میں کرپشن کا امکان نہیں ہے تمام لون میرٹ اور قابلیت کی بنیاد پر دیئے جارہے ہیں ۔

یہ بات نیشنل بینک کے صدر سید احمد اقبال اشرف نے پیر کو نیشنل بینک کے مرکزی آفس میں یوتھ لون اسکیم کے حوالے سے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پر وائس پریذیذنٹ و ڈویژنل ہیڈ کارپوریٹ کمیونیکیشن اینڈ برانڈ مینجمنٹ ڈویژن سید ابن حسن سمیت دیگر اعلی افسران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

نیشنل بینک کے صدر سید احمد اقبال اشرف اس موقع پر بتایا کہ اب تک 60 ہزار درخواستیں موصول ہوئی ہیں پہلی قرعہ اندازی کے کامیاب6ہزار امیدواروں میں 4جون2014ء کو قرض کے چیک تقسیم کئے جا رہے ہیں اور وزیراعظم میاں محمد نواز شریف 4 جون کو ہی مزید 6 ہزار افراد کے نام قرضے کیلئے قرعہ اندازی کریں گے ۔

نیشنل بینک کے صدر سید احمد اقبال اشرف نے بتایا کہ لون کے حصول کے لئے خواتین کی درخواستیں کم آئی ہیں لیکن مجموعی طور پر انتہائی مثبت ردعمل کا اظہار کیا ہے اور امید کرتے ہیں آگے چل اس میں مزید بہتری آئے گی ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ لون اسکیم کے تحت سب سے زیادہ درخواستیں زرعی شعبے سے متعلق پروجیکٹ کے حوالے سے موصول ہوئیں ،یوتھ لون کے مجموعی رقم کا60فیصد زرعی شعبے سے متعلق پروجیکٹ کے لئے مختص کئے گئے ہیں کیو نکہ زرعی شعبے یا اس سے منسلک شعبے میں غیر فعال قرضے کی شرح دیگر شعبوں کی نسبت انتہائی کم ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اسکیم میں سیاسی اثر ورسوخ کو مسترد کر دیا گیا ہے،وزیراعظم خود اس اسکیم میں دلچسپی لے رہے ہیں اور پروفیشنل انداز میں تمام امور کو مرتب کیا جا رہا ہے تاکہ کوئی شکوک شبہات نہ رہے ۔انہوں نے کہا کہ نیشنل بینک کے ساتھ ساتھ دیگر بینک بھی اپنی خدمات پیش کریں وہ آگے آئیں اور اس اسکیم میں حصہ ڈالیں۔صدر نیشنل بینک نے کہا ہے کہ اس اسکیم سے ملک کی معیشت ترقی کرے گی اور روزگار کے نئے مواقع فراہم ہوں گے۔

بینکاری سطح پر بھی کسی قسم کی کوئی سفارش قبول نہیں کی جا رہی اس لئے تمام تر سسٹم کوکمپیوٹرائز کر دیا گیا ہے تاکہ بیرونی یا اندرونی عمل دخل کو ختم کیا جا سکے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ لون اسکیم کی چیئر پرسن مریم نواز نے اس حوالے سے نیشنل بینک کی ٹیم کی نہ صرف رہنمائی کی بلکہ ٹیم کی بہترین کارکردگی پر ان کی حوصلہ افزائی بھی کی۔

نیشنل بینک کے صدر کا کہنا تھا کہ منتخب حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ وہ پبلک سیکٹر میں نوجوانوں کیلئے ملازمتوں کے مواقع فراہم کرکے بے روزگاری کا خاتمہ کرے قومی بینک نے ہمیشہ حکومت کے ساتھ مل کر پاکستان کی معیشت کی بہتری اور ترقی کیلئے ماضی میں بھی متعدد پروجیکٹ کی فنڈنگ کی اور آئندہ بھی نیشنل بینک آف پاکستان ملک وقوم کی خدمت میں پیش پیش رہے گا۔