شام اتحادیوں کی داعش کے ٹھکانوں پر بمباری ،50 سے ز ائد شہری ہلاک

اتوار 3 مئی 2015 05:44

دمشق(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3 مئی۔2015ء)شام میں امریکی قیادت میں اتحادی طیاروں کی بمباری سے درجنوں شہری ہلاک ہوگئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق انسانی حقوق کی ایک تنظیم سے وابستہ سرگرم کارکنوں کا کہنا ہے کہ شام کے جنوبی علاقوں میں امریکہ کی نگرانی میں دولتِ اسلامیہ کے ٹھکانوں ہونے والی بمباری میں 50 سے زیادہ شہری ہلاک ہوگئے ہیں۔سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق بِرمحل نامی گاوٴں پر جمعے کو بمباری کی گئی اور کچھ لوگ اب تک ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔

اتحادی افواج کی جانب سے اس بارے میں تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔اس سے پہلے سیرین آبزرویٹری کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ اب تک اتحادی افواج کے فضائی حملوں میں 2 ہزار سے زیادہ افراد مارے جاچکے ہیں جن میں 1922 دولتِ اسلامیہ کے جنگجو بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

سیرین آبزرویٹری کے سربراہ رامی عبدالرحمان کا کہنا ہے کہ ’جمعے کو اتحادی افواج کی جانب حلب صوبے میں واقع بِرمحل گاوٴں پر کی جانے والی فضائی بمباری میں 52 شہری ہلاک ہوگئے ہیں۔

‘انسانی حقوق کی تنظیم کے مطابق مرنے والوں میں سات بچے بھی شامل ہیں اور 13 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔واضح رہے کہ اس گاوٴں کے قریب دولتِ اسلامیہ اور کردوں کے مابین جھڑپیں جاری ہیں۔شدت پسند دولتِ اسلامیہ شام اور عراق کے بڑے حصوں پر قابض ہے اور شامی افواج کے علاو دیگر باغی گروہوں کے ساتھ بھی اس کی جھڑپیں جاری ہیں۔گزشتہ سال ستمبر میں امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے دولتِ اسلامیہ کے خلاف فضائی حملوں میں اضافہ کیا ہے۔شام میں دولتِ اسلامیہ کے ٹھکانوں پر بمباری کرنے والے ممالک میں کینیڈا، بحرین، سعودی عرب، اردن اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :