سٹاک ہوم ٹر ک حملہ ، گرفتار ملزم نے اعتراف جرم کرلیا

ازبکستان سے تعلق رکھنے والے 39 سالہ رحمت عقیلوف نے عدالت میں حملے کی ذمہ داری قبول کی

منگل 11 اپریل 2017 22:25

سٹاک ہوم (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ اپریل ء)سویڈن کے دارالحکومت سٹاک ہوم میں ٹرک حملہ کرنے کے الزام میں زیرحراست مشتبہ شخص کے وکیل کا کہنا ہے کہ ملزم نے ’دہشت گردی کے جرم‘ کا اعتراف کر لیا ہے۔ازبکستان سے تعلق رکھنے والے 39 سالہ رحمت عقیلوف نے عدالت میں حملے کی ذمہ داری قبول کی۔خیال رہے کہ گذشتہ جمعے کو مشتبہ شخص نے ایک ٹرک کو ایک ڈیپارٹمینٹل سٹور سے ٹکرا دیا تھا جس سے چار افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

اس حملے میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سے دو کی حالت تشویش ناک ہے۔ان کے وکیل جوہان ایرکسن کا کہنا ہے کہ ’صورتحال یہ ہے کہ انھوں نے دہشت گردی کے جرم کا اعتراف کیا ہے اور اسے قبول کیا ہے چنانچہ انھیں حراست میں رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

‘رحمت عقیلوف کو ہتھکڑیوں میں عدالت لایا گیا تھا۔رحمت عقیلوف نے سر پر سبز رنگ کی چادر اوڑھ رکھی تھی اور سماعت سے پہلے ان کو اسے اتارنے کو کہا گیا۔

سویڈن کی پولیس کا کہنا ہے کہ سکیورٹی اداروں کو ماضی میں رحمت عقیلوف کے بارے میں اطلاعات تھیں۔پولیس کے مطابق انھیں سویڈن میں رہائش کی اجازت نہیں ملی تھی اور وہ شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرچکے تھے۔مبینہ طور پر حملے کے بعد وہ جائے وقوعہ سے بھاگ گئے تھے تاہم انھیں چند گھنٹوں کے بعد سٹاک ہوم کے شمال میں نواحی علاقے سے گرفتار کر لیا گیا تھا۔

اطلاعات کے مطابق ازبکستان میں ان کی ایک بیوی اور چار بچے ہیں اور وہ پیسے کمانے کے غرض سے سویڈن آئے تھے۔پولیس کے مطابق سنہ 2014 میں سویڈن میں رہائش کی درخواست دینے کے بعد انھیں دسمبر 2016 میں بتایا گیا تھا کہ ان کے پاس ملک چھوڑنے کے لیے صرف چار ہفتے ہیں۔اس کے بعد وہ لاپتہ ہوگئے اور فروری میں انھیں باقاعدہ طور پر مطلوب افراد کی فہرست میں شامل کر دیا گیا تھا۔ ۔

متعلقہ عنوان :