وزیراعظم محمد نواز شریف سندھی علاقوں کے عوام کی ترقی اور فلاح و بہبود پر خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں،مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر نہال ہاشمی کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

جمعہ 14 اپریل 2017 23:55

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ اپریل ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف سندھی علاقوں کے عوام کی ترقی اور فلاح و بہبود پر خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔ جمعہ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2013ء میں اقتدار سنبھالنے کے بعد وزیراعظم محمد نواز شریف نے سندھ کے متعدد علاقوں کا دورہ کیا اور یہاں عوامی فلاح و بہبود کے متعدد منصوبوں کے لیے اہم و موثر اقدامات بھی کیے۔

سکھر موٹر وے سمیت کراچی کا ٹرانسپورٹ نظام، سرکلر ریلوے اور لیاری بائی پاس جلد مکمل ہو جائیں گے جس سے یہاں کے عوام مستفید ہوں گے۔ سینیٹر نہال ہاشمی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کسی مخصوص علاقے کے وزیراعظم نہیں بلکہ وہ پورے ملک کے وزیراعظم ہیں اور ملک بھر کی ترقی و خوشحالی کے لیے کوشاں ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے جب سے اقتدار سنبھالا ہے ملکی معیشت بھی مستحکم ہو رہی ہے اور ملک ترقی بھی کر رہا ہے۔

انہوں نے جیکب آباد کی ترقی و خوشحالی اور یہاں کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بڑے فنڈ کے اعلان پر وزیراعظم محمد نواز شریف کی خدمات کو سراہا اور مزید کہا کہ موجودہ حکومت توانائی بحران پر قابو پانے سمیت عوامی فلاح و بہبود کے متعدد منصوبوں پر بھی کام تیزی سے جاری رکھے ہوئے ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سندھ کے لوگ گزشتہ تین دہائیوں سے مشکلات کا شکار ہیں لیکن موجودہ وفاقی حکومت ان لوگوں کی مشکلات کے خاتمے اور ان کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے مناسب اقدامات کر رہی ہے۔