یو ٹرن بینظیر کے نام پر،خان صاحب تبدیلی کہاں ہے؟

جمعرات 4 اپریل 2019

Gul Bakhshalvi

گل بخشالوی

تحریک انصاف کے وطن دوست وزیر اعظم بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں نام کی تبدیلی میں یوٹرن لینے پر مجبور ہوگئے۔ ہم نے پہلے بھی لکھا تھا آج بھی لکھ رہے ہیں کہ پاکستان سے محبت کرنے والی عوام کو عمران خان کی وطن دوستی عوام دوستی اور قوم پرستی پر کوئی شک نہیں وہ ایمانداری کی انتہا تک اپنی ارادوں میں مخلص ہیں لیکن اْس کی ٹیم اْس کیساتھ نہیں چل سکتی ۔

اس لیے کہ عمران خان کی کابینہ میں جو عوامی رہنما تشریف فرماہیں۔ وہ عوام دوست نہیں چڑھتے سورج کے پجاری مختلف سیاسی جماعتوں کے دھتکارے ہوئے لوٹے ہیں، اْن کو پاکستان اور پاکستان کی عوام یا اسلامی جمہوریہ پاکستان میں جمہوریت اور جمہوریت کے استحکام سے کوئی غرض نہیں وہ خودپرست ہیں۔
ذوالفقار علی بھٹو نے جیل میں لکھی اپنی یاداشت میں لکھا ہے ۔

(جاری ہے)

بھٹو نے تسلیم کر لیا تھا کہ چین کے وزیر اعظم نے ایک ملاقات میں مجھے کہا تھا! بھٹو تم لاکھ پاکستان،پاکستان کی عوام اور جمہوریت سے مخلص کیوں نہ ہو لیکن تم اپنے مقاصد کے حصول میں کامیاب نہیں ہوسکتے۔واقعی! اْنہوں نے درست کہا تھا میں تسلیم کرتا ہوں میری پارٹی کے سرکردہ رہنما پاکستان اور پاکستان کی عوام کیلئے وہ کچھ نہیں چاہتے تھے جو میں چاہتا تھا۔

میں وطن پرست ہوں اور وہ خود پرست ہیں۔عمران خان آپ بھی تسلیم کرلیں آپ کے گرد آپ کے حواری قوم کے مداری ہیں آپ دیکھ رہے ہیں آپ کے سرکردہ رہنما جہانگیر ترین ،شاہ محمود قریشی اور دونوں کے ہمنوا جن پر آپ کو بڑا ناز ہے پارٹی کے اندر اور آپ کی حکمرانی میں کیا کھیل کھیل رہے ہیں۔
آپ نے سندھ پر حکمرانی کے خواب میں گھوٹکی کے حکمران اتحاد میں شامل گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کے مشورے پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے بے نظیر بھٹو کا نام نکالنے پر اْن سے وعدہ کیا ،سمجھو ہوگیا۔

عمران خان صاحب سندھ پر حکمرانی کیلئے اگر آپ مشورہ دینے والوں کو یہ کہتے ہوئے چپ کرادیتے کہ بے نظیر بھٹو سندھ کی باشندہ ضرور ہیں۔ وہ پیپلز پارٹی کی قیادت ضرور تھی لیکن مت بھولیں کہ بے نظیر بھٹو پاکستان کی وزیر اعظم تھیں، ایشیاء کی پہلی مسلمان خاتون وزیر اعظم تھیں پاکستان کی عوام کو شہید محترمہ کی قیادت پر فخر ہے اگر آپ کی سوچ ذات اور پیپلزپارٹی سے سیاسی اختلاف کے گرد نہ گھومتی توآپ کے یہ الفاظ ہی سندھ کی غیور عوام اور پیپلزپارٹی کے جیالوں کے دل جیت لیتے۔

سیاست میں عوام کے دل جیتے جاتے ہیں اور یہ قیادت پر منحصر ہے کہ اْس کی سوچ کی پرواز کہاں تک ہے متحدہ ہندوستان کی تقسیم کیلئے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی سوچ مثبت تھی۔فیلڈ مارشل محمد ایوب خان کے خلاف ذوالفقار علی بھٹو کی سوچ مثبت تھی۔دختر پاکستان محترمہ بے نظیر بھٹو کی جنرل مشرف کی حکمرانی اور پاکستان میں جمہوریت کے استحکام کیلئے سوچ مثبت تھی اور اپنی مثبت سوچ ہی کی بدولت وہ آج بھی نہ صرف پاکستان بلکہ دنیائے اسلام کے دلوں میں دھڑک رہے ہیں۔

عمران خان صاحب پاکستان کی عوام پر حکمرانی کرنی ہے تو عوام کے دل جیتنے کی کوشش کرو۔
میاں محمد نواز شریف نے کہا !!مجھے کیوں نکالا !آصف علی زرداری نے کہا اینٹ سے اینٹ بجا دوں گا !! آپ کہہ رہے ہیں کسی کو نہیں چھوڑوں گا !!
اس وقت پاکستان میں پیپلز پارٹی ،مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف تین بڑی سیاسی جماعتیں ہیں لیکن تینوں سیاسی جماعتوں کی قیادت اپنی ذات کے گرد گھوم رہی ہیں اگر تحریک انصاف کی قیادت کوئی غلط فہمی ہے تو بھول جائیں۔

ذوالفقار علی بھٹو نے بھی کہا تھا وزارت ِاعظمیٰ کی کرسی میں بڑی طاقت ہے لیکن اْس کا انجام قوم نے دیکھ لیا۔کرسی کمزور ہے اس لیے کہ درباری اور حواری دیمک کی طرح اس کرسی کو چاٹ رہے ہوتے ہیں۔خودپرستی سے نکل آئیں پاکستان کی عوام کی آپ سے بڑی اْمیدیں وابستہ ہیں۔پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کی قیادت اپنے گزشتہ کل کا حساب قومی عدالتوں میں دے رہی ہے اْن کا ذکر کرکے قوم اور حکمرانی کا وقت برباد مت کرو۔

پاکستان کی عوام کے لئے آپ کی عظمت آپ کے بیانات میں نہیں آپ کے قومی کردار میں ہے۔
کراچی کی عوام کے دل جیتنے کیلئے ترقیاتی پروگرام کے اعلانات سے کچھ نہیں ہوگا آپ کی حکمرانی سے قبل بھی پاکستان کی غیور عوام ایسے اعلانات میں وہ خواب دیکھ چکی ہے جس کی کوئی تعبیر نہ دیکھ سکے۔قومی خزانہ خالی ہے آپ قوم سے غلط بیانی کر رہے ہیں اپنی ناقص کارکردگی کا بوجھ سابقہ حکمرانوں پر ڈال کر قوم سے غلط بیانی کر رہے ہیں وزارت ِاعظمیٰ کے حلف سے قبل آپ کو بخوبی معلوم تھا کہ خزانہ خالی ہے اگر آپ نے قوم کے سامنے یہ ہی رونا رونا تھا تو بہتر تھا آپ حلف نہ لیتے آپ نے قوم سے وعدہ کیا ہے۔

اپنے وعدوں پر پورے اْتر یں آئے روز کی بڑھتی ہوئی مہنگائی سے قوم مایوسی کی طرف جارہی ہے قوم کو آپ کے اقتدار میں وہ ہی سابقہ اقتدار نظر آرہا ہے جس پر آپ اور آپ کے درباری صبح وشام اْنگلیاں اْٹھا اْٹھا کر قوم کو گمراہ کر رہے ہیں۔پاکستان کی عوام نے تبدیلی کیلئے ووٹ دیا ہے وہ تبدیلی چاہتے ہیں لیکن لگتا ہے یہ خواب بھی ادھورا رہے گا۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :