تیر و ترکش

بدھ 20 مارچ 2019

Khama Badast K Qalaam Se

خامہ بدست کے قلم سے

#ارکانِ اسمبلی خصوصاً وزیراعلیٰ پنجاب کی تنخواہ میں اضافہ مایوس کن، عمران خان نے گورنر کو بل پر دستخط کرنے سے روک دیا۔
کتنے خودمختار ہیں پنجاب کے وزیراعلیٰ اور پی ٹی آئی کے پنجابی ایم پی اے جو خان صاحب کو بتاتے ہی نہیں بڑے بڑے فیصلے کرتے وقت!
#اینکروں کے ذریعے بدنام کرنے والے ناکام ہوں گے، چودھری شجاعت حسین
اور ہم مونس الٰہی کو وزیر بنوانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔


#پیدل گھوم کر دیکھا سکھر شہر کچرے کا ڈھیر بنا ہوا ہے، جسٹس گلزار
اگر آپ گاڑی میں گھوم کر دیکھتے تو پتا چلتا کہ سکھر شہر میں سڑکوں کی بجائے کھڈے اور دُھول مٹی کے ٹبے ہیں۔
#اورنج لائن منصوبے ہمارے وارے میں نہیں، وفاقی وزیر خسرو بختیار
اورنج لائن چھوڑیں، یہ بتائیں آپ کے صوبہ بناوٴ منصوبے کا کیا ہوا؟
#پی پی اور ن لیگ نے مل کر ملک لوٹا، شاہ محمود قریشی
اور شاہ جی دونوں کی حکومتوں میں شامل رہے ہیں۔

(جاری ہے)


#لیپ ٹاپ اسکیم میں کوئی جرم سرزد نہیں ہوا، پنجاب حکومت کی شہبازشریف کو کلین چٹ
اسی پنجاب حکومت نے شہبازشریف کو کلین چٹ دی ہے جس کے وزیراعلیٰ عثمان بزدار المعروف وسیم اکرم ہیں ناں!
#وزیراعلیٰ پنجاب، اسپیکر، چیف سیکریٹری، آئی جی نے شرمناک مراعات لیں، فواد چودھری
آپ کے بیان سے لگتا ہے جیسے وزیراعلیٰ، اسپیکر، چیف سیکریٹری، آئی جی کا تعلق ن لیگ یا پیپلزپارٹی سے ہے۔


#مودی سے بات کرسکتا ہوں مگر ملک لوٹنے والوں سے مفاہمت ممکن نہیں، وزیراعظم
جو کام نہ کرنے ہوں ان کے متعلق ایسے ہی بیانات دیا کرتے ہیں حکمران۔
#دنیا کو دہشت گردی کے خلاف ایک صفحے پر آنا ہوگا، مختلف سیاسی راہنماوٴں کا بیان
دنیا آج کل اسی صفحے پر آتی ہے جو امریکی کاپی کا ہوتا ہے۔
#زرداری کے خلاف اکاوٴنٹس کیس کا ریکارڈ نامکمل، تین ہزار صفحات غائب
کر لو جو کرنا ہے!
#مسائل حل کرنے میں سندھ حکومت کی مدد کریں گے، عمران خان
فی الحال تو سندھ حکومت کو نیب مقدمات سے نمٹنے میں مدددرکار ہے، اس کا بتائیں کیا کریں گے؟
#نیپرا حکام ایسے غائب ہیں جیسے ملک سے بجلی، سپریم کورٹ
اس کا مطلب پتا آپ کو بھی ہے کہ عوام کے ساتھ کون کیا کررہا ہے۔


#کراچی ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بن گیا، وزیر مملکت برائے امور داخلہ شہریار آفریدی
ان روشنیوں کا بل ادا کرنے میں کراچی کے شہریوں کی کوئی مدد بھی کریں!
#وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے مشاورت کا آغاز ہوگیا، نبیل گبول کا دعویٰ
اس طرح کے فیصلے کرنے والے اگر مشاورت پر یقین رکھتے تو پیارے وطن کی یہ حالت ہوتی!؟
#نوازشریف کے پاس بیرون ملک جانے کے لیے پلی بار گین کا آپشن موجود ہے، وفاقی وزیر اطلاعات
آپ تو ڈیل نہ کرنے اور ڈھیل نہ دینے کی اطلاعات دیتے رہے ہیں!
#اسلام مخالف بیان پر آسٹریلوی سینیٹر کی رکنیت خطرے میں پڑ گئی ۔


اور اپنے ہاں اسلام مخالف بیان باز آزادیٴ اظہار کے چیمپئن سمجھے جاتے ہیں۔
#ملکی سیاست میں ”پنڈی“ کا کوئی کردار نہیں، سردار امیر بخش بھٹو
اپنے والد گرامی سردار ممتاز علی بھٹو سے پوچھ لیا کریں اس طرح کا بیان دینے سے پہلے۔
#سندھ حکومت کو نالائقی کا ایوارڈ ملنا چاہیے، وزیراعلیٰ بے وقوف بنا رہے ہیں، تحریکِ انصاف
مرکز، پنجاب اور کے پی حکومت سے پیچھے کیوں رہ جاتی سندھ حکومت؟ پورے ملک کے حکمران جو کام کررہے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ بھی تو وہی کریں گے ناں!
#مشکل وقت ضرور ہے لیکن عوام کی چیخیں نہیں نکلیں گی، اسد عمر
یعنی مارنا بھی ہے اور رونے بھی نہیں دینا!
#پرانا کراچی واپس آگیا پرانا پاکستان بھی واپس لائیں گے، وزیراعلیٰ سندھ
لیکن لگتا ہے پرانا نیب واپس نہیں آئے گا۔


#نوازشریف اور زرداری کے رنگ پسٹن اور پلگ گھس چکے ہیں،شیخ رشید احمد
مشینی دور ہے اگر سائیکل کا زمانہ ہوتا تو شیخ صاحب مذکورہ افراد کے کتے فیل ہونے کا دعویٰ کرتے ۔
#مرکزی راہنماوٴں کی ممکنہ گرفتاری، بلاول کراچی سے لاڑکانہ تک شہر شہر جلسوں سے خطاب کریں گے۔
جس نوجوان کو اپنے نانا اور والدہ کی طرح پاکستان بھر میں سیاسی خطاب کرنا تھے اس بے چارے کو والد، پھوپھی اور ہمنواوٴں کو بچانے کے لیے سندھ تک محدود کردیا گیا۔


#جمہوریت کے لیے پی پی پی کے قول وفعل میں تضاد نہیں ہونا چاہیے، وزیرِاطلاعات پنجاب صمصام بخاری
وقت وقت کی بات ہے، تھوڑا عرصہ پہلے تک آپ کہا کرتے تھے جمہوریت کے لیے پی پی پی کے قول وفعل میں تضاد نہیں ہے۔
#سندھ میں حکومت کی تبدیلی کے کئی طریقے ہیں، وفاقی وزیر برائے شہری ہوا بازی میاں محمد سومرو
خیال رہے ان میں سے کچھ طریقے وفاق میں بھی آزمائے جاسکتے ہیں۔
#جماعت اسلامی کراچی کے وفد کی صدر مملکت عارف علوی سے ملاقات
جماعت کے وفد نے بتایا ہوگا #
 کبھی ہم تم بھی تھے آشنا ، تجھے یاد ہو کہ نہ یاد ہو

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :