Live Updates

پی ٹی آئی چھوڑنے والوں کیلئے (ن)لیگ میں جگہ کم ہے، جہاں گنجائش ہوگی وہاں خیر مقدم کیا جائیگا ، وزیر اطلاعات

(ن) لیگ کا بیانیہ ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانا اور ملکی معیشت کو بحال کرنا ہے،پاکستان میں سیاسی اور معاشی استحکام کے لئے نوازشریف کی ضرورت ہے ، جلد واپس آئیں گے ،پٹرول کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچنا چاہیے اس حوالے سے انتظامیہ اپنی ذمہ داری پوری کرے ،وزیراعظم کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کریں گے، مریم اور نگزیب کا انٹرویو

جمعہ 2 جون 2023 22:42

پی ٹی آئی چھوڑنے والوں کیلئے (ن)لیگ میں جگہ کم ہے، جہاں گنجائش ہوگی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2023ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے نو مئی کے واقعات کا ماسٹر مائنڈ عمران خان قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ پی ٹی آئی چھوڑنے والوں کیلئے (ن)لیگ میں جگہ کم ہے ، ایسا نہیں ہوسکتا (ن) لیگ اپنے پرانے اور نظریاتی کارکنوں کو نظر انداز کر کے تحریک انصاف سے آنے والوں کو ان کی جگہ دے جس جگہ (ن) لیگ کے پاس گنجائش ہوگی وہاں تحریک انصاف چھوڑ کر آنے والوں کا خیر مقدم کیا جائیگا،(ن) لیگ کا بیانیہ ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانا اور ملکی معیشت کو بحال کرنا ہے،پاکستان میں سیاسی اور معاشی استحکام کے لئے نوازشریف کی ضرورت ہے ، جلد واپس آئیں گے ،پٹرول کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچنا چاہیے اس حوالے سے انتظامیہ اپنی ذمہ داری پوری کرے ،وزیراعظم کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

ایک ڈیجیٹل میڈیا کودیئے گئے ایک انٹرویو میں وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ 9/11 ہو یا 9/5 کا واقعہ، جہاں تک آپ کا یہ سوال کہ مغربی ممالک عمران خان کے حق میں بات کر رہے ہیں ایسا تاثر درست نہیں ہے ،یہ سٹارم اینڈ ٹی کپ والی بات ہے انہوں نے کچھ لابیئسٹ اورکچھ کانگریس کے ارکان کو ہائیر کیا ہوا ہے اور طوفان مچانے کی کوشش کی جارہی ہے اوروہاں سے بات کی جارہی ہے جہاں جمہوریت کو مضبوط ہونے میں سو سال لگے ہیں ، ان قوموں کو پتہ ہے عمران خان نے ذہن سازی کی اور انتہا کی پلاننگ کی۔

انہوںنے کہاکہ نو مئی کی پلاننگ کے ماسٹر مائنڈ عمران خان ہیں اورانہوں نے اسی دن کا انتخاب کیا تھا کیونکہ وہ 190ملین پائونڈ کرپشن کیس ، فارن فنڈنگ کیس ، توشہ خانہ کیس اور ٹیریان جیسے مضبوط کیسوں سے عوام کی توجہ ہٹانا چاہتے تھے کیونکہ ان کے پاس کوئی جواب نہیں تھا، وہ ان جرائم کے مرتکب ہوئے اسی وجہ سے نو مئی کی پلاننگ کی اوراتنے آگے نکل گئے کہ ریڈ لائن کو بھی عمران خان نے کراس کیا۔

انہوںنے کہاکہ آج دیکھیں کہ ساٹھ اور ستر سال کے والدین اپنے بچوں کے لئے عدالتوں اورتھانوں کے باہر موجود ہیں اور عمران خان کہتا ہے کہ میرا کوئی لینا دینا نہیں ہے یہ سب میرے چند رہنمائوں اور کارکنوں نے کیا اور کارکنوں کو تنہا چھوڑ دیا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ نعیم الحق جو عمران خان کے قریبی دوست تھے اور کئی سالوں سے ان کے ساتھ رہے جب وہ کینسر کے مرض میں مبتلا ہوئے اور انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ وہ وزیراعظم ہائوس میں رہنا چاہتے ہیں لیکن عمران خان اتنے سنگدل تھے کہ اپنے قریبی دوست کا خیال نہیں کیا اور انہیں وزیراعظم ہائوس سے نکال دیا، اسی طرح عمران خان کے ایک اور دوست جنہوں نے انہیں کرکٹ سکھائی وہ جب فوت ہوئے تو ان کے جنازے میں نہیں گئے ، جہانگیر ترین ، علیم خان اور تنویر الیاس عمران خان کی اے ٹی ایمز تھے اور (ن) لیگ اپنے سیاسی بیانیے میں ان رہنمائوں کو عمران خان کے اے ٹی ایمز قرار دیتی رہی ہے۔

انہوںنے کہاکہ عون چوہدری بھی عمران خان کے بہت قریب رہے ہیں ۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ علیم خان کو ایک مقدمے میں عمران خان نے جیل بھجوایا ، جہانگیر تو کو بھی جیل بھجوانے کی بہت کوشش کی اور اپنے محسنوں کے خلاف کارروائیاں کیں یہ محسن کش شخص ہے اور ابھی اس نے بی بی سی کو انٹرویو میں جو ایک لائن آئی ہے اس میں وہ کہتا ہے کہ میں نے کچھ نہیں کیا نو مئی کو سب کچھ میرے کارکنوں نے کیا اور میرا ان سے کوئی لینا دینا نہیں۔

انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کے خلاف پی ٹی آئی نے انتقامی کارروائیاں کیں ، ساری قیادت کو جیل جانا پڑا۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم شہبازشریف ، نوازشریف ، مریم نواز ، شاہد خاقان عباسی ، حمزہ شہباز، احسن اقبال ، خواجہ سعد رفیق ،سلمان رفیق سمیت دیگر لیڈروں کو جھوٹے مقدمات میں جیل بھجوایا گیا۔ وزیراطلاعات نے کہاکہ عمران خان اتنا فتنہ پرست اور ضدی شخص ہے جس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔

انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کو جیل سے والد کی موجودگی میں گرفتار کروایا اور پھر شہزاد اکبر ہوں یا نیب کے دیگر افسران وہ مریم نواز کی تصاویر اور ویڈیوز بنا کر عمران خان کو بھجواتے تھے۔مریم اور نگزیب نے کہاکہ کراچی میں جب مریم نواز ایک دورے پر تھیں تو ہوٹل پر چھاپہ مارکر رات کے وقت ان کے کمرے کا توڑا گیا کیا اس وقت عمران خان کو خواتین کی عزت کا خیال نہیں آیا۔

انہوںنے کہاکہ وہ یہ بھی کہتا رہا کہ مریم نواز میرا نام زیادہ نہ لے کہیں شوہر ناراض نہ ہو جائے۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان اور ان کے قریبی ساتھیوں کے گرد آلود چہرے ہیں ، انہوںنے کہاکہ رانا ثناء اللہ کو گرفتار کر کے پھانسی کی سزا دینا چاہتا تھا ، رانا ثناء اللہ جب عدالت میں گیا تو اس نے کہا جہاں نوازشریف کا پسینہ گریگا وہاں میرا خون گرے گا۔

انہوںنے کہاکہ (ن) لیگ کے رہنمائوں نے جرات و بہادری سے جیلیں کاٹیں ،اب جو لوگ تحریک انصاف کو چھوڑ رہے ہیں وہ پارٹی کو نہیں عمران خان کی ذہنیت اور ملک دشمن سوچ کو چھوڑ کر جارہے ہیں۔ جب ان سے یہ سوال کیا گیا کہ نو مئی کو کیا تحریک انصاف کی قیادت کی یہ خواہش تھی کہ احتجاج کے موقع پر سیکیورٹی ادارے سخت ایکشن لیتے ، فائرنگ ہوتی اور تحریک انصاف کو چند سو لاشیں مل جاتیں ، اداروں نے دانشمندی اور صبر و تحمل کا کیوں مظاہرہ کیا جس کا جواب دیتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہاکہ پچیس مئی 2022کو جب اسلام آباد جلوس لیکر آئے تھے تو اس وقت بھی عمران خان کی خواہش تھی کہ اسے لاشیں ملیں لیکن رانا ثناء اللہ نے ان کی منصوبہ بندی ناکام بنائی ، پھر جب عمران خان کی گرفتاری کیلئے زمان پارک عدالتی احکامات پر پولیس نے کارروائی کی تو کارکنوں نے ڈی آئی جی کو زخمی کیا اور پولیس پر پٹرول بم پھینکے گئے اس وقت بھی عمران خان کی خواہش تھی کہ پولیس اور اس کے کارکنوں کے درمیان اتنا تصادم ہو کہ اسے چند لاشیں مل جائیں لیکن پولیس نے صبر سے کام لیا حتیٰ کہ تحریک انصاف کے ایک کارکنوں ظل شاہ جو انہی کی پارٹی کے ایک رہنما کی گاڑی سے ٹکرا کر جہاں بحق ہوا اور اسے غلط رنگ دیکر حکومت کے خلاف استعمال کرنے کی کوشش کی لیکن جس کی گاڑی سے ٹکرایا تھا اس نے سچ بولا تو عمران خان بے نقاب ہو گیا۔

انہوںنے کہاکہ عمران خان نے چار سال ملکی معیشت کو تباہ کیا ، آئی ایم ایف سے ملکی مفادات کے منافی معاہدہ کر کے اس کی خلاف ورزی کی ، ملکی معیشت کو اتنا نقصان پہنچایا کہ بحالی میں وقت لگ رہا۔ تحریک انصاف چھوڑنے والے رہنمائوں کی کم تعداد کی (ن) لیگ میں شمولیت کے بارے میں سوال پر مریم اورنگزیب نے واضح اور دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ جو لوگ تحریک انصاف چھوڑ رہے ہیں ان کے لئے (ن) لیگ میں جگہ بہت کم ہے (ن) لیگ نوازشریف کی قیادت میں ایک مضبوط پارٹی ہے ،اس کا ووٹر ایک نظریاتی ووٹر ہے اورکئی دہائیوں سے نوازشریف اور (ن) لیگ کو ووٹ دے رہاہے ، ایسا نہیں ہوسکتا کہ (ن) لیگ اپنے پرانے اور نظریاتی کارکنوں کو نظر انداز کر کے تحریک انصاف سے آنے والوں کو ان کی جگہ دے دیں کیونکہ جب پنجاب اسمبلی کی بیس نشستوں پر ضمنی الیکشن ہوا تو ہمارے کارکنوں نے سخت ردعمل دیا تھاہاں البتہ جس جگہ (ن) لیگ کے پاس گنجائش ہوگی وہاں تحریک انصاف چھوڑ کر آنے والوں کا خیر مقدم کیا جائیگا۔

مریم اورنگزیب نے کہاکہ تحریک انصاف ایک سیاسی جماعت نہیں فین کلب اور گروہ تھا۔ انہوںنے کہاکہ (ن) لیگ کے رہنما اور کارکن ہمیشہ قربانیاں دیتے رہے ہیں ، آئندہ الیکشن میں (ن) لیگ کے بیانیے کے متعلق سوال پر وزیر اطلاعات نے کہاکہ (ن) لیگ اور نوازشریف کا بیانیہ بہت واضح ہے ، ہم سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتے ، ملکی دفاع کو پہلے ہی ایٹمی دھماکے کر کے ناقابل تسخیر بنایا اورمعیشت کی مضبوطی ہماری اولین ترجیح رہی ، 2014کے دھرنے میں جو کچھ ہوا وہ تاریخ کا حصہ ہے ، چینی صدر پاکستان آرہے تھے اورعمران خان نے دھرنا دیکر ان کا دورہ منسوخ کرایا جس سے ملک کو نقصان ہوا۔

انہوں نے کہاکہ ملک کی سالمیت سیاسی اور معاشی ا ستحکام سے جڑی ہوئی ہے اور یہی (ن) لیگ کا بیانیہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ 2013کے انتخابات میں جب کے پی کے میں تحریک انصاف اکثریتی جماعت بنی تو نوازشریف نے انہیں حکومت بنانے کا موقع دیا حالانکہ مولانا فضل الرحمن ہم سے ناراض بھی ہوئے اور اگر اس وقت نوازشریف چاہتے تو جے یو آئی اور (ن) لیگ مخلوط حکومت بنا سکتے تھے،اسی طرح بلوچستان میں ڈاکٹرمالک کو وزیراعلیٰ بنایا گیا اور نوازشریف نے معیشت کو درست کیا ، بجلی اور گیس کے مسئلے حل کئے ، مہنگائی کو کنٹرول کیا۔

انہوں نے کہاکہ نوازشریف ملک میں سیاسی استحکام چاہتے ہیں ، نوجوانوں کے لئے یوتھ پروگرام دیا تھا ، لیپ ٹاپ دیئے گئے ، روزگار کے لئے قرضوں کا اجراء ہوا لیکن تحریک انصاف نے چار سال تک یہ پروگرام بند رکھا۔ انہوںنے کہاکہ دہشتگردی پہلے بھی ختم کی ، اب بھی ختم کریں گے اور معیشت کو مضبوط کریں گے۔ ایک اور سوال پر مریم اورنگزیب نے کہاکہ نوازشریف کو سپریم کورٹ ریویو بل کی ضرورت نہیں ، نوازشریف کو غلط سزا ہوئی تھی اور مہذب قوموں میں جب ادارے غلط فیصلے کرتے ہیں تو وہ خود واپس لیتے ہیں ، اصولی طور پر تو ہونا چاہئے تھا جن عدالتوں نے سزائیں دیں وہ خود ہی نوازشریف کی سزائیں ختم کرتے ،جب ادارے پارٹی بن جائیں تو ملک آزمائشوں سے گزرتا ہے، اس وقت نہ صرف (ن) لیگ کے ووٹرز بلکہ پاکستان کو بھی نوازشریف کی ضرورت ہے ، ملکی معیشت اور سیاسی استحکام نوازشریف کی واپسی سے ہی ممکن ہے۔

انہوںنے کہاکہ آپ یقین کریں نوازشریف جلد وطن واپس آئیں گے اور (ن) لیگ انتخابی مہم کی قیادت کریں گے۔ بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کے بارے میں ایک سوال پر وزیر اطلاعات نے کہاکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کافی کمی ہوئی ہے ، آج ایل پی جی کی قیمتیں بھی کم ہوئی ہیں ، وزیراعظم نے اس پر ایک اجلاس طلب کیا تھا جس میں انتظامیہ کو یہ ہدایت دی گئی ہیں کہ پٹرول کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچنا چاہئے اور اس حوالے سے انتظامیہ اپنی ذمہ داری پوری کرے اور وزیراعظم کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ شہبازشریف عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور پنجاب میں انہوں نے ایسا کر کے دکھایا تھا۔ چینی حکومت نے انہیں پنجاب سپیڈ کا خطاب بھی دیا اورحال ہی میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ کراچی میں مسائل کے حل کے لئے شہبازشریف سپیڈ کی ضرورت ہے جو ان کی عوامی خدمت کا واضح اعتراف ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم دن رات ہر اجلاس میں نوجوانوں کو روزگار دینے اور عوام کو ریلیف دینے کی بات کرتے ہیں ، حالات میں بہتری آرہی ہے ، معیشت کو درست کیا جائے گا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات