Live Updates

پاک فوج نے بھارت کو دندان شکن جواب دے کر ثابت کیا پاکستان ناقابل تسخیر ہے‘ رانا مشہود احمد خان

ہمیں اس بات کا عہد کرنا ہو گا ہم اپنی صفوں میں اتفاق و اتحاد کا مظاہرہ کریں‘ چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام دشمن ہمیں غزہ بنانا چاہتے تھے،بھارت اور اس کے سہولت کاروں کو شکست ہوئی ‘ خواجہ سعد رفیق یہ جنگ شروع ہوئی ہے ابھی ختم نہیں ہوئی،اب نئے جال بنے جا رہے ہوں گے،اللہ نہ کرے اب دشمن اندر سے ہٹ کرنے کی کوشش کرے اب وقت ہے کہ ملک کو لاحق بیماریوں کا علاج کریں،ہمیں تمام اختلافات کوپست پشت ڈال کر اکٹھا ہونا ہو گا‘ سابق وفاقی وزیر کا خطاب

ہفتہ 17 مئی 2025 22:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2025ء)چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ پاک فوج نے بھارت کو دندان شکن جواب دے کر ثابت کیا کہ پاکستان ناقابل تسخیر ہے، پرائم منسٹر ڈیجیٹل یوتھ ہب نوجوانوں کیلئے انقلابی منصوبہ ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا،بجٹ میں عوام کو مزید خوشخبریاں ملیں گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان اقبال میں آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘کی کامیابی کے سلسلے میں اظہار تشکر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق ،لیگی رہنما مہر اشتیاق ، معروف تجزیہ نگار سلمان غنی اورکارکنان کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ۔

(جاری ہے)

رانامشہود احمد خان نے کہا کہ افواج پاکستان نے طاقت کے جھوٹے دعویدار مودی کے غرور کو نیست و نابود کر دیا ، پھر دنیا نے دیکھا کہ پاکستان نہ تو فلسطین ہے ،نہ شام اورنہ عراق بلکہ پاکستان ایک ایسا ملک ہے جو ہمیشہ ہمیشہ قائم رہنے کے لیے بنا ہے اور انشااللہ قیامت تک قائم و دائم رہے گا، یہ ملک دو قومی نظریہ کی بنیاد پر قائم ہوا اور قائد اعظم محمد علی جناح نے کہا تھا کہ برصغیر میں جب تک ایک بھی مسلمان باقی ہے یہ نظریہ قائم رہے گا ۔

رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن اگر کوئی امن کی اس خواہش کو کمزوری سمجھنے کی غلطی کرے گا تو اس کو گھر کے اندر گھس کر ماریں گے اور وزیراعظم محمد شہباز کی قیادت میں ہم نے اس کو کر کے دکھادیا ، دنیا نے 10 مئی کی جنگ میں دیکھا کہ کس طرح پاک فوج نے دشمن کے گھر میں داخل ہو کراسے دھول چٹائی ، اب دشمن کو یقین ہو چکا ہے کہ پاکستان ناقابل تسخیر ہے، دشمن اب آئندہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا ، پاکستان کا مستقبل محفوظ ہے ،پاکستان جس کو بھارت اور اسرائیل تنہا کرنا چاہتے تھے، آج اللہ تعالی کے فضل و کرم سے پاکستان کے ساتھ دنیا ہاتھ ملانا چاہتی ہے،انہوں نے کہا کہ ماضی میں ملک کے اندر انتشار کی سیاست کی کوشش کی گئی اور قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف پراپیگنڈہ کیا گیا، آج ان عناصر نے بھی دیکھ لیا کہ پوری قوم پاک فوج کی پشت پر کھڑی ہے، دشمن ہمارے اندر اختلافات پیدا کر کے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے، آج جب ہم اظہار تشکر منا رہے ہیں ہمیں اس بات کا عہد کرنا ہو گا کہ ہم اپنی صفوں میں اتفاق و اتحاد کا مظاہرہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ازلی دشمن بھارت کو بتا دیا کہ پاکستانیوں کی طاقت کیا ہے ،مودی جو کل تک کہتا تھا کہ ہم اپنی مرضی کریں گے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں پاک فوج نے اس کو ناکوں چنے چبوا کر بتا دیا کہ مرضی پاکستان کی چلے گی فیصلہ پاکستان کرے گا۔ رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ حکومت نے قلیل عرصہ میں ملک کو نہ صرف ترقی کی راہ پر گامزن کیا بلکہ سرحدوں کو ناقابل تسخیر بنا دیا ،مسلم لیگ (ن)کی حکومت وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے ، اب مہنگائی میں واضح کمی ہو چکی اور بجلی بھی سستی ہو چکی ہے ، مایوسی کے بادل چھٹ چکے ہیں ،آئندہ بجٹ میں عوام کو مزید خوشخبریاں ملیں گی۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں ،حکومت جہاں ایک طرف اقوام عالم میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر رہی ہے وہیں اپنے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے ، ڈیجیٹل یو تھ پروگرام جیسے منصوبے شروع کر کے نوجوانوں کے لیے عملی راستے کھول دئیے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ڈیجیٹل یوتھ ہب نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت ایک اہم اقدام ہے۔

یہ ایک ’’ون سٹاپ شاپ‘‘پلیٹ فارم ہے، یہ اقدام وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن، لگن اور کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ ڈیجیٹل یوتھ ہب ایک پورٹل ہے جو نوجوانوں کو ملازمتوں، تعلیم، سکالرشپ، قرضوں، کھیلوں، موسمیاتی تبدیلیوں، ماحولیات، انٹرن شپ، رضاکارانہ مواقع، آئی ٹی، آرٹس، ثقافت سمیت دیگر ایسے جیسے شعبوں میں فائدہ اٹھانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے نوجوان گھر میں بیٹھ کر 5 ہزار روپے سے لے کر 50 ہزار ڈالر تک کما سکتے ہیں ، 80 ارب روپے کا یہ انقلابی منصوبہ اب 300 ارب کا منصوبہ بننے جا رہا ہے جبکہ یوتھ پروگرام پر نوکریوں کے مواقع ڈھائی لاکھ سے بڑھا کر اس سال دسمبر تک 15 لاکھ ہو جائیں گے ۔ رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ جب آپ نیک نیت سے کام کر رہے ہوں، ارادے صاف ہوں تو پھر اللہ تعالی بھی مدد کرتا ہے، وفاق میں وزیراعظم محمد شہباز شریف جبکہ پنجاب میں وزیر اعلی مریم نواز عوام کی خدمت میں دن رات مصروف ہیں، اب ملک کی ترقی کو کوئی نہیں روک سکتا ہے، پشاور سے لے کر کراچی تک آج پوری قوم ایک جھنڈے تلے جمع ہے،بس ہمیں بطور قوم اسی طرح متحد رہنے کی ضرورت ہے ۔

سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی کے شکر گزارہیں کہ جس نے پاکستان کے مقابلے میں عددی طاقت رکھنے والے ازلی دشمن بھارت پر ہمیں فتح مبین نصیب فرمائی،مسلح افواج نے ایسا سبق سکھایا کہ دشمن اپنے زخم چاٹ رہا ہے،بھارت کی آبادی، فوج، دفاعی بجٹ ہم سے بہت زیادہ ہے،ہمارے زرمبادلہ کے ذخائر کا بھارتی زرمبادلہ کے ذخائر سے کوئی مقابلہ ہی نہیں ہے ،بھارت کی تعداد سات گناہ زیادہ ہے،ہمارا دفاعی بجٹ سات ارب ڈالر ان کا ستر ارب ڈالر سے زیادہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ پلوامہ کا واقعہ ہوا تو بھارت نے پاکستان پر الزام لگا دیا،اب پہلگام کا واقعہ ہوا تو پھر پاکستان پر الزام لگا دیا،وزیراعظم شہباز شریف نے ہر طرح کی شفاف تحقیقات کی پیشکش کی لیکن انہوں نے پاکستان پر حملہ کر دیا،پاکستان کی سیاسی و فوجی قیادت نے تحمل و تدبر کا مظاہرہ کیا حالانکہ پورا بھارت ان کی نظر اور نشانے پر تھا ۔جھوٹے پہلگام واقعہ کو بنیاد بنا کر رات کی تاریکی میں بزدلوں کی طرح حملہ کرنے والے دشمن کو ہماری بہادر فوج نے دن کے اجالے میں ایسا زیر کیاکہ وہ اب دنیا سے منہ چھپاتا پھر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے ،وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے بھارت کو پہلگام واقعہ پر تحقیقات کی پیش کش کی جس کو کمزوری تصور کیا گیا ،لیکن جب دشمن نے ہماری سرحد پار کی تو ہماری ائیر فورس،مسلح افواج نے ایسا جواب دیا کہ اس کی چیخیں پوری دنیا نے سنیں اور وہ گھنٹے ٹیکنے پر مجبور ہو گیا،آج بھارت ذلت کی گہرائیوں میں گرا ہوا ہے،لائن آف کنٹرول پر بھارتی مورچے اور بریگیڈ ہیڈکوارٹر بھی تباہ کیا ،فضائی لڑائی ہوئی تو ان کے طیارے اندھے ہو چکے تھے،پاکستان نے کم ترین وسائل میں بہترین تیاری اور مقابلہ کر کے دکھایا،ان کا زیادہ نقصان ہو سکتا تھا لیکن پاکستانی سیاسی و فوجی قیادت نے مناسب حد تک جواب دینا پسند کیا، بھارت کی خواہش پر ہماری حکومت نے تحمل اورتدبر کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیز فائر کیا۔

انہوں نے کہاکہ اندرا گاندھی نے کہا تھا کہ ہم نے دو قومی نظریے کو خلیج بنگال میں غرق کر دیا ہے،آج 53 سال بعد ثابت ہو گیا کہ وہ بیان غلط تھا،کشمیری آج بھی سب سے بڑے پاکستانی ہیں،اگر دو قومی نظریہ غرق ہو چکا ہوتا تو بنگلہ دیش بھارتی غلام بن چکا ہوتا،اگر ایسا ہی ہوتا تو 20 کروڑ بھارتی مسلمان امن کے ساتھ زندگی گزار رہے ہوتے،لیکن ان کی روزانہ بھارت میں ہتک کی جاتی ہے،قائد اعظم محمد علی جناح نے پاکستان بنا کر درست فیصلہ کیا تھا ۔

خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ دشمن ہمیں غزہ بنانا چاہتے تھے،بھارت اور اس کے سہولت کاروں کو شکست ہوئی ہے،ہم دل سے پاک افواج، فضائی و بحری افواج، حکومت پاکستان، وزارت خارجہ سمیت سب کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس جنگ کی کامیابی میں نائب وزیراعظم ووزیرخارجہ سینیٹرمحمداسحاق ڈار ،وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطا اللہ تارڑ اور سائبر واریئرز نے بہت اعلی کام کیا ،ہم دل کی گہرائی سے پاکستان کی ملٹری لیڈر شپ آرمی چیف ، نیول چیف ، ایئر چیف ، وزیر اعظم کی ٹیم کو سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہاس جنگ میں سب ایک پیج پر تھے لیکن وہ ایک پیج پر نہیں تھے جنہیں گالی دینا سکھایا گیا ہے،اس سے انہیں خود ہی نقصان ہوا ہے، ہمیں آپس کی نفرتیں ختم کر کے اپنے سلامتی کے اداروں اور پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونا چاہیے، کیونکہ دشمن کے میزائل پر لکھا نہیں ہوتا کہ اس نے حکومت کو نقصان پہنچانا ہے یا اپوزیشن کو ،جب دشمن سامنے کھڑا ہو آپ ایک ہوجاتے ہیں شرطیں پیش نہیں کی جاتیں۔

انہوں نے کہاکہ نواز شریف کے خلاف بہت باتیں کی گئیں،لیکن بہت زیادہ دبائوکے باوجود نواز شریف نے ایٹمی طاقت بننے کا فیصلہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ یہ جنگ شروع ہوئی ہے ابھی ختم نہیں ہوئی،اب نئے جال بنے جا رہے ہوں گے،اللہ نہ کرے کہ اب دشمن آپ کے اندر سے آپ کو ہٹ کرنے کی کوشش کرے ،اب وقت ہے کہ ملک کو لاحق بیماریوں کا علاج کریں،ہمیں تمام اختلافات کوپست پشت ڈال کر اکٹھا ہونا ہو گا،آج پاکستان کو سیاسی ہم آہنگی کی ضرورت ہے، سیاسی درجہ حرارت نیچے لانا ہو گا،صوبائی سطح پر اختلافات کو ختم کرنے کے لیے چاروں صوبوں میں مکالمہ ہونا چاہیئے،وزیر اعظم شہباز شریف بھی اس بات کے خواہاں ہیں،چاروں صوبوں کے نمائندوں کو مل بیٹھنا چاہیئے،صوبوں کے درمیان پانی کا مسئلہ بھی مل بیٹھ کر حل کرنا چاہیے ،دشمن کے اگلے حملے سے پہلے ہمیں پاکستان میں اپنے گھر کو ٹھیک کرنا ہو گا۔

تقریب سے سلمان غنی ، مہر اشتیاق اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات