مظفر گڑھ : پنچایت کے حکم پر پانچ افراد کی بیوہ سے زیادتی ، پولیس نے مقدمہ درج کرکے 3پنچائیتیوں سمیت 6افراد کو گرفتار کرلیا

جمعہ 31 جنوری 2014 08:13

مظفر گڑھ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔31جنوری۔2014ء) مظفر گڑھ کے تھانہ دائرہ دین پناہ کی نواحی بستی احسان پور میں پنچایت کے حکم پر پانچ افراد کی بیوہ سے زیادتی ، پولیس نے مقدمہ درج کرکے تین پنچائیتوں سمیت چھ افراد کو گرفتار کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق مظفر گڑھ سے 80 کلو میٹر دور احسان پور میں محمد اجمل چنڑ نامی شخص نے رقیہ بی بی نامی لڑکی سے مبینہ ناجائز تعلقات تھے جن کو رقیہ بی بی کے گھر والوں رحیم بخش وغیرہ نے پکڑ لیا جس پر دو روز قبل پنچایت ہوئی پنچایتوں غلام یٰسین ، رحیم بخش ، محمد نواز نے اجمل کی بیوہ بہن چالیس سالہ فضلاں بی بی کو پنچایت میں بلوایا اور اسے رقیہ بی بی کے لواحقین کے حوالے کردیا جو فضلاں کو کمرے میں لے گئے اور پانچ افراد نے خاتون کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا اور اسے برہنہ حالت میں کمرے سے باہر پنچایت میں لے آئے ۔

(جاری ہے)

فضلاں بی بی نے واقعہ سے پولیس تھانہ دائرہ دین پناہ کو آگاہ کیا لیکن پولیس نے روایتی مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کارروائی نہ کی جس پر فضلاں بی بی اور اس کے خاندان کے افراد نے میڈیا نمائندگان سے رابطہ کیا خبریں چلنے کے بعد پولیس حرکت میں آگئی پولیس نے خاتون کا طبی معائنہ رورل ہیلتھ سنٹر چوک سرور شہید سے کرایا اور سولہ ملزمان کیخلاف مقدمہ نمبر 36/14 بجرم 376A/511 ت ب کے تحت تین سرپنچوں نواز ، یسین ، ریحم بخش سمیت چھ ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔

ڈی پی او مظفر گڑھ عثمان اکرم گوندل نے میڈیا کو بتایا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں انہوں نے دعوی کیا کہ عورت سے زیادتی نہیں ہوئی بلکہ اس کو ننگا کرکے کمرے سے باہر لایا گیا اس لئے ایف آئی آر میں زیادتی کی کوشش کرنے کی دفعہ درج کی گئی ہے تاہم خاتون کا میڈیکل کرانے کیلئے نمونے ڈی این نے ٹیسٹ کیلئے حاصل کرلئے گئے ہیں ۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے مظفر گڑھ میں خاتون سے پنچایت کے حکم پر زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ڈیرہ غازی خان عبدالقیوم اور ڈی پی او مظفر گڑھ سے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے ۔

متعلقہ عنوان :