ہم نے میڈیا کے موجودہ بحران کے حوالے سے کسی بھی قسم کا کوئی فتویٰ جاری نہیں کیا،مولانا احمد لدھیانوی، ہم سمجھتے ہیں کسی بھی صحافی یا میڈیا ورکر یا ادارے کی املاک کو نقصان پہنچانے کی شرعاً و قانوناً اجازت نہیں،پی ایف یو جے کے وفد سے ملاقات

ہفتہ 24 مئی 2014 07:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24مئی۔2014ء)اہل سنت و الجماعت کے سربراہ مولانا محمد احمد لدھیانوی نے کہا ہے کہ ہم نے میڈیا کے موجودہ بحران کے حوالے سے کسی بھی قسم کا کوئی فتویٰ جاری نہیں کیا اور ہم سمجھتے ہیں کہ کسی بھی صحافی یا میڈیا ورکر یا ادارے کی املاک کو نقصان پہنچانے کی شرعاً و قانوناً اجازت نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر افضل بٹ کی قیادت میں ملنے والے ایک نمائندہ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

وفد میں راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے جنرل سیکرٹری بلال ڈار ممبر گورننگ باڈی سبوخ سید، علی شیر اور ناصر ہاشمی بھی شامل تھے۔

مولانا احمد لدھیانوی نے کہا کہ ملک پہلے ہی بہت سے بحرانوں میں مبتلا ہے اور ایسی صورت میں ہم کسی نئے بحران کے متحمل نہیں ہو سکتے چنانچہ ضرورت امر کی ہے کہ جلد از جلد میڈیا کے اس بحران کو خوش اسلوبی سے ختم کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم نے حالات کو دیکھتے ہوئے یہ کہا تھا کہ جیو خدا کی پکڑ میں آ گیا ہے چنانچہ جیو کی انتظامیہ کو اللہ تعالیٰ سے معافی طلب کرنی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ شان اہل بیت اور شان صحابہ نہایت نازک موضوع ہے اس لئے تمام ٹی وی چینلز کو چاہئے کہ وہ اس موضوع پر بات چیت کرتے ہوئے نہایت احتیاط سے کام لیں اور اسلامی تہواروں و مقدس اسلامی مہینوں میں جس طرح سے ٹی وی چینلز پر اسلامی شعائر و تعلیمات کا مذاق اڑایا اور گستاخی کی جاتی ہے اسے بھی کنٹرول کرنے کی ضرورت ہے۔

متعلقہ عنوان :