اوگرا کا مقررہ ریٹ سے زیادہ قیمت وصول کرنے پر 50سی این جی سٹیشنز کیخلاف تادیبی کارروائی کا فیصلہ کرلیا ، اوگرا نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے بحرانی صورتحال کو سنبھالا اور سی این جی سٹیشنز کی طرف سے غیر قانونی طریقے سے عوام کو زیادہ قیمت کی وصولی سے بچایا، ترجمان

ہفتہ 24 مئی 2014 07:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24مئی۔2014ء) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا ) نے سی این جی کے مقررہ ریٹ سے زیادہ قیمت وصول کرنے میں ملوث پچاس سی این جی سٹیشنز کیخلاف تادیبی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے ، اوگرا نے خیبر پختونخواہ اور پنجاب میں سی این جی سٹیشنز کی انسپکشن کے لئے ٹیمیں روانہ کی تھیں جنہوں نے 150سے زیادہ سی این جی سٹیشنز کے اچانک اور اتفاقی دورے کئے جن میں سے پچاس سی این جی سٹیشنز متعلقہ قوانین اور ریگولیشنز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے زیادہ قیمت وصول کرتے ہوئے پائے گئے تھے ۔

اوگرا کے ترجمان نے کہا کہ اوگرا نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے بحرانی صورتحال کو سنبھالا اور سی این جی سٹیشنز کی طرف سے غیر قانونی طریقے سے عوام کو زیادہ قیمت کی وصولی سے بچایا ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ چیئرمین اوگرا نے شکایات موصول ہونے کے فوراً بعد ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا جس میں وائس چیئرمین ممبر آئل صابر حسین اور ممبر گیس عامر نسیم شامل تھے.

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ خلاف ورزی کرنے والے سی این جی سٹیشنز کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے انہوں نے بتایا کہ ممبر گیس عامر نسیم نے خلاف ورزیوں کیخلاف اوگرا کے اس آپریشن کی نگرانی کی اوگرا نے سی این جی مالکان کومقررہ قیمتوں سے غیر قانونی طورپر زیادہ قیمت وصولی کیخلاف اخباری نوٹس بھی جاری کیا ۔

انہوں نے کہا کہ نوٹس میں اوگرا نے پہلے ہی کلیئر کردیا تھا خلاف ورزی کرنے والے سی این جی سٹیشنز کو پہلے ہی نوٹس جاری کیا جا چکا ہے اور نہیں تادیبی کارروائی سے پہلے شوکاز نوٹس نہیں دیا جائے گا ۔ ترجمان کے مطابق اوگرا نے اسی این جی ایسوسی ایشنز کا اپنے ممبران کو مقررہ ٹیرف کے مطابق قیمت واپس لانے میں کردار اور حمایت کا شکریہ ادا کیا ۔ ایسوسی ایشن نے اوگرا کے ساتھ اجلاس میں یقین دہانی کرائی کہ یہ یقینی بنایا جائے گا کہ کوئی بھی ممبر سی این جی کی زیادہ قیمت کی کسی بھی صورت وصول نہ کرے ۔