شام ،باغیوں کا صدر اسدکے حامیوں کی ریلی پر حملہ،22 افراد ہلاک

ہفتہ 24 مئی 2014 07:57

بیروت(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24مئی۔2014ء)شامی باغیوں کے صدر بشارالاسد کے تین جون کو ہونیوالے متنازعہ انتخابات میں دوبارہ انتخاب کی حمایت میں ایک ریلی نکالنے والوں پر حملے میں کم ازکم 22افراد ہلاک ہو گئے، یہ بات ایک مبصر گروپ نے بتائی ۔انسانی حقوق کے لئے شامی مبصر گروپ نے کہا ہے کہ حملے میں ایک خیمے کو مارٹر سے نشانہ بنایا گیا جہاں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات گئے جنوبی شہر دارا میں اسد کے حامی اکٹھے ہوئے تھے اور اس حملے میں کم ازکم 30افراد زخمی بھی ہوئے ۔

اسد کو اگلے ماہ ووٹنگ میں دو معمولی چیلنجز کا سامنا ہے اور زیادہ تر توقع ہے کہ وہ خانہ جنگی کے باوجود سات سال کی تیسری مدت کے لئے ایک بار پھر صدر منتخب ہوجائیں گے۔مبصر گروپ نے کہا ہے کہ حملے میں ہلاک ہونیوالوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے ،رواں ماہ کے اوائل سے جاری مہم کے بعد اسد کے حامیوں پر اس قسم کا یہ پہلا حملہ ہے ۔

(جاری ہے)

برطانیہ میں قائم مبصر گروپ نے کہا ہے کہ حکومت حامی ملائیشیاء کے اہلکار بھی مارٹر حملے میں ہلاک ہونیوالوں میں شامل ہیں ، یہ حملہ اسلام پسند باغی بریگیڈ کی جانب سے کیا گیا ۔

ابتدائی طور پر ہلاک ہونیوالوں کی تعداد22بتائی گئی ہے ۔مبصر گروپ کے ڈائریکٹر رمی عبدالرحمن نے اے ایف پی کو بتایا کہ حملہ باغیوں کی جانب سے حکومت کو ایک واضح پیغام ہے کہ یہاں پر کوئی بھی علاقہ محفوظ نہیں جہاں پر انتخابات ہونیوالے ہیں۔3جون کو پولنگ حکومتی زیر قبضہ علاقوں میں ہوگی اور جلاوطن اپوزیشن اور اس کے مغربی حامیوں کی جانب سے اسے مذاق قرار دیا گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :