وزارت مذہبی امور نے 53 ہزار 814امیدواروں کو سرکاری حج کا اہل قراردیدیا،کامیاب عازمین کی دوڑ میں بھی پنجاب سب سے آگے، 73 ہزار سے زائد درخواستیں 10 بجکر 9 منٹ کے بعد جمع ہونے کے باعث ردی کی ٹوکری میں پھینک دی گئیں،پہلی حج پرواز 27اگست کو اسلام آباد سے حجاز مقدس روانہ ہوگی، سعودی عرب نے شرط برقرار رکھی تو سرکاری عازمین کو حکومت کھانا فراہم کرے گی،سردار یوسف،کامیاب امیدوار 10جون تک مشین ریڈایبل پاسپورٹ جمع کرادیں ، ناکام امیدوار اپنی رقوم بنکوں سے واپس لے لیں ہدایات جاری ، سردار یوسف اکثر سوالوں کے جواب ہی ”گول“ کرگئے

ہفتہ 24 مئی 2014 08:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24مئی۔2014ء)وزارت مذہبی امور نے 53 ہزار 814امیدواروں کو سرکاری حج کا اہل قراردیدیا،کامیاب عازمین کی دوڑ میں بھی پنجاب سب سے آگے، ، 73 ہزار سے زائد درخواستیں 10 بجکر 9 منٹ کے بعد جمع ہونے کے باعث ردی کی ٹوکری میں پھینک دی گئیں، وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے کہاہے کہ ملک بھر کے تمام143 اضلاع سے درخواستیں موصول ہوئیں ،پہلی حج پرواز 27اگست کو اسلام آباد سے حجاز مقدس روانہ ہوگی، سعودی عرب نے شرط برقرار رکھی تو سرکاری عازمین کو حکومت کھانا فراہم کرے گی، بنکوں کی بے ضابطگیوں کو دور کردیاہے، زیادہ تر باتیں قیاس آرائیوں پر مبنی ہیں، بنکو ں اختیار تھا وہ فارم 21 اپریل سے پہلے امیدواروں کو دے سکتے تھے، کامیاب امیدوار 10جون تک مشین ریڈایبل پاسپورٹ جمع کرادیں ، ناکام امیدوار اپنی رقوم بنکوں سے واپس لے لیں ہدایات جاری کردی ہیں، سردار یوسف اکثر سوالوں کے جواب ہی ”گول“ کرگئے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز وزارت مذہبی امور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر وزیر مملکت پیر امین الحسنات، سیکرٹری وزارت مذہبی امور اور جوائنٹ سیکرٹری حج بھی موجود تھے۔ سردار یوسف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم میاں نوازشریف نے 9 اپریل کوحج پالیسی 2014 ء کا اعلان کیا اور اسی روز حج پالیسی کا بھی اعلان کردیاگیاحج 2014ء کے حوالے سے 21 اپریل کو حج درخواستیں 6 مخصوص بنکوں کی ملک بھر میں پھیلی ہوئی 6ہزار 500 برانچوں کی وساطت سے پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر طلب کی گئیں، انہوں نے بتایا کہ حج درخواستیں ملک بھر کے 143 اضلاع بشمول فاٹاوکشمیر گلگت بلتستان سے جمع کی گئیں اور کوئی ایسا ضلع نہیں جہاں سے حج درخواست نہ آئی ہو۔

انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر جموں و کشمیر سے 1 ہزار 373 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں 486 درخواستیں منظور کی گئیں ، بلوچستان سے 9 ہزار 45 درخواستیں وصول ہوئی اور 3 ہزار 102 منظور کی گئی فاٹا سے 2ہزار 963 درخواستوں میں سے 1 ہزار 135 ، گلگت بلتستان کی 1 ہزار 792 درخواستوں میں سے 558 منظور کی گئی ہے اسی طرح اسلام آباد وفاقی دارالحکومت سے 2 ہزار 699 درخواستیں موصول ہوئیں اور 1 ہزار 685 کامیاب قرار پائیں صوبہ خیبرپختونخواہ سے 28 ہزار 934 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں 11 ہزار 21 منظور کی گئی سندھ سے 24ہزار 827 درخواستوں کی وصولی ہوئی جن میں سے 11 ہزار 214 کامیاب قرار پائیں اور پنجاب سے سب سے زیادہ 55 ہزار 953 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں 24 ہزار 613 کو کامیاب قرار دیاگیا۔

اس حساب سے ملک کے 143 اضلاع سے کل 1 لاکھ 27 ہزار 586 درخواستیں وصول ہوئیں جن میں 53 ہزار 814 کو کامیاب قرار دیاگیا ۔ انہوں نے مزید بتایاکہ جن بنکوں میں بے ضابطگیوں کے معاملے کی بات کی گئی ہے تو ایسے فارم کو مسترد کردیاگیاہے ۔انہوں نے کہاکہ بنکوں اختیار تھا کہ وہ 21اپریل سے پہلے حج فارم تقسیم کرسکتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ درخواستوں کی چھان بین اور حقیقی طور پر پہلے آئیے پہلے پائیے کے اصول کو مد نظر رکھتے ہوئے ایک ایک منٹ کو اہمیت دیتے ہوئے نہایت عرق ریزی کے ساتھ وزارت کے حج ونگ نے شب و روز محنت کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچایا اور جو درخواستیں 10بجکر 9منٹ تک موصول ہوئیں ان سب درخواستوں کو کامیاب قرار دیاگیا اور اس لئے ان امیدواروں کو پیشگی مبارکبادپیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کامیاب درخواست گزار وزارت کی ویب سائٹ www.hajjinfo.org پر نام چیک کرسکتے ہیں وزارت عنقریب ان کے ایڈریسز پر مبارکباد کے خطوط بھی ارسال کریگی۔ انہوں نے کہاکہ کامیاب درخواستوں سے التماس ہے کہ 10جون 2014ء تک اپنے مشین ریڈایبل پاسپورٹ اپنے متعلقہ بنک کی وساطت سے وزارت کو ارسال کردیں تاکہ ویزہ وغیرہ کے عمل کو بروقت انجا م دیا جاسکے۔

انہوں نے کہاکہ جو درخواست گزار ناکام ہوگئے ہیں وہ اپنی رقوم کی وصولی کی اصل رسید کے ہمراہ اپنے بینک سے رجوع کریں اس حوالے سے وزارت تمام بنکوں کو ہدایات جاری کرچکی ہے۔ایک سوال کاجواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور نے بتایا کہ حج کی پہلی فلائٹ اسلام آباد 27اگست کو جائیگی انہوں نے کہاکہ سعودی حکومت کی جانب سے اگر کھانے کی شرط برقرار رہی تو حکومت پاکستان خود سرکاری حاجیوں کو کھانے کی سہولت مہیا کرے گی اور اس کے پیسے حاجیوں سے وصول نہیں کئے جائیں گے انہوں نے کہاکہ تمام کیٹیگریز ختم کردی گئی ہیں اور تمام حاجی ہمارے لئے وی آئی پیز کا درجہ رکھتے ہیں۔

بنکوں کی جانب سے 21 تاریخ سے قبل اکثر سوالوں کے جواب وفاقی وزیر نہ دے سکے اور کچھ سوالوں کو گول کرتے ہوئے پریس کانفرنس ہی ختم کرڈالی۔