بلدیاتی الیکشن میں پرامن پولنگ پر پولیس اور انتظامیہ مبارکباد کی مستحق ہے‘ شہبازشریف،پنجاب حکومت کے امن و امان برقرار رکھنے کے لئے فول پروف انتظامات دیگر صوبوں سے انتہائی بہتر تھے،حکومت پنجاب کی سیاسی و انتظامی ٹیم اور وفاقی اداروں نے بلدیاتی الیکشن کی پرامن فضا کے لئے موثر اقدامات کئے،بلدیاتی الیکشن میں ہار جیت کوئی معنی نہیں رکھتی جمہوری نظام کی فتح ہے جمہوریت اور جمہوری ادارے مزید مستحکم ہوں گے،نیا پاکستان بنانے کی دعویدار خیبرپختونخوا حکومت کے بلدیاتی الیکشن میں بدترین انتظامات دیکھنے میں آئے اور قیمتی جانیں ضائع ہوئیں،اسلحہ کی نمائش کرنے والوں اور قانون ہاتھ میں لینے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹناقابل تحسین ہے: وزیراعلیٰ پنجاب

اتوار 1 نومبر 2015 09:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1نومبر۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے صوبے کے 12 اضلاع میں پرامن ماحول میں شفاف انداز میں بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے کے انعقاد پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے بے پایاں فضل و کرم‘ متعلقہ اداروں کی محنت و جانفشانی کے باعث پولنگ کا عمل پرامن رہا جس پر صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان‘ متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ و پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مبارکباد کے مستحق ہیں۔

پنجاب حکومت کی سیاسی و انتظامی ٹیم نے پرامن فضا یقینی بنانے کے لئے شبانہ روز محنت کر کے موثر اقدامات اٹھائے اور بلاشبہ شاندار انتظامات کرنے کا کریڈٹ ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ وزیراعلیٰ نے ایک بیان میں کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں ہار جیت کوئی معنی نہیں رکھتی یہ جمہوری نظام کی فتح ہے جس سے جمہوریت اور جمہوری ادارے مزید مستحکم ہوں گے۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت کے متعلقہ اداروں اور محکموں کے ساتھ وفاقی اداروں نے بھی سازگار ماحول میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے پرامن ماحول یقینی بنانے کے حوالے سے مثالی اقدامات کئے۔

جس پر میں تمام متعلقہ حکام کو شاباش دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم کے باعث پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ بخیروخوبی اختتام کو پہنچا اور پنجاب حکومت کے امن عامہ برقرار رکھنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات دیگر صوبوں سے انتہائی بہتر اور فول پروف تھے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پوری ٹیم نے انتہائی تندہی سے فرائض سرانجام دیئے اور امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لئے جو کام کیا ہے وہ قابل تحسین ہے۔

پنجاب حکومت کے موثر اور بروقت اقدامات کے باعث نہ صرف اسلحہ کی نمائش کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی گئی بلکہ قانون ہاتھ میں لینے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا گیا۔ صوبے میں قانون اور انصاف کی عملداری یقینی بنانے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے باعث 12اضلاع میں انتہائی پرامن انداز میں پولنگ ہوئی اور ووٹرز نے پرامن انداز میں حق رائے دہی استعمال کیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ”نیاپاکستان“ بنانے کی دعویدار خیبرپختونخوا کی حکومت کے زیرانتظام بلدیاتی الیکشن کے دوران بدترین انتظامات دیکھنے میں آئے تھے اور فائرنگ کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئی تھیں۔ لیکن پنجاب حکومت نے آج پہلے مرحلے میں جس پرامن فضا میں بلدیاتی الیکشن کا عمل خوش اسلوبی سے سرانجام دیا ہے مجھے پورایقین ہے کہ بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے میں اسی طرح کے بہترین اقدامات کئے جائیں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔