سعودی عرب کا ریاض کے مضافات میں تفریحی شہربنانے کا اعلان

تفریحی شہر کو سال 2022 میں کھولنے کا ارادہ ہے جوسعودی حکومت کے ویژن 2030' پلان کا حصہ ہے جس کے مطابق ملک میں نوجوانوں کو ملازمت کے نئے مواقعے فراہم کیے جائیں گے ،سعودی نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان

ہفتہ 8 اپریل 2017 21:27

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار اپریل ء)سعودی عرب نے ریاض کے مضافات میں 'تفریحی شہر' بنانے کا اعلان کردیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں اعلان کیا گیا ہے کہ ملک کے دارالحکومت ریاض کے مضافات میں ایک تفریحی شہر قائم کیا جائے گا۔

اس شہرکو سال 2022 میں کھولنے کا ارادہ ہے اور یہ سعودی حکومت کے 'ویژن 2030' پلان کا حصہ ہے جس کے مطابق ملک میں نوجوانوں کو ملازمت کے نئے مواقعے فراہم کیے جائیں گے اور سعودی عرب کے سخت تاثر کو کم کرنے کی کوششیں کی جائیں گی۔ یہ تفریحی شہر' 334 مربعہ کلو میٹر کے رقبے پر بنایا جائے گا اور اس میں کھیل، ثقافت اور تفریحی سہولیات شامل ہوں گی۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ یہاں پر سفاری پارک اور مشہور زمانہ سِکس فلیگ کی جانب سے تھیم پارک بھی بنایا جائے گا۔

مملکت کا پبلک انویسٹمنٹ فنڈ اس منصوبے میں سرمایہ کاری کرے گا جس کی ابتدا اگلے سال ہوگی۔نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے بیان میں کہا گیا کہ 'یہ شہر ہمارے ملک کی ثقافتی پہچان بن جائے گا اور مستقبل میں ہمارے ملک کی عوام کی تفریحی، ثقافتی اور سماجی ضروریات کو پورا کرے گا۔امریکی تفریحی کمپنی سِکس فلیگ نے گذشتہ سال جون میں اعلان کیا تھا کہ وہ سعودی حکومت سے ملک میں ویژن 2030 کے سلسلے میں تھیم پارکس قائم کرنے کے بارے میں گفتگو کر رہی ہے۔اس کے بعد کمپنی کے چیف ایگزیکیٹو جم ریڈ اینڈرسن نے کہا کہ ان کی کمپنی سعودی عرب میں 30 کروڑ سے 50 کروڑ کی لاگت کے تین پارک بنائے گی۔