میٹروٹرین کیس:پی ٹی آئی کی سپریم کورٹ میں فریق بننےکی درخواست دائر

حکومت پنجاب نےایوان سےمنظوری کےبغیرمنصوبےکوشروع کیا،تاریخی ورثےکوخطرات لاحق ہیں،عالمی ماہرین کی رپورٹ کےباوجود حکومت اورنج ٹرین بنانے پربضد ہے۔اپوزیشن لیڈرمیاں محمودالرشید

ہفتہ 8 اپریل 2017 18:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار اپریل ء): پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الر شید نے سپریم کورٹ میں زیر سماعت اور نج لائن ٹرین کیس میں فریق بننے کی درخواست دائر کر دی، درخواست سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں دائر کی گئی، واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر رکھی ہے جسکی عدالت عظمیٰ میں روز کی بنیاد پر سماعت ہو رہی ہے۔

اپوزیشن لیڈر میاں محمود الر شید نے موقف اختیار کیا ہے کہ حکومت پنجاب نے ایوان سے منظوری لئے بغیر اربوں روپے کے منصوبے کو شروع کیا، تاریخی ورثے کو لاحق خطرات سے متعلق عالمی ماہرین کی رپورٹ کے باوجود حکومت پنجاب اور نج ٹرین بنانے پر بضد ہے۔

(جاری ہے)

قائد حزب اختلاف میاں محمود الر شید کا درخواست میں کہنا ہے کہ ملکی ترقی چاہتے ہیں لیکن قومی ورثے کو تباہ نہ کیا جائے، انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے منصوبے کو محفوظ بنانے کیلئے آج تک صرف کاغذی کارروائیاں کیں، عجلت اور ایوان سے منظوری کے بغیر شروع ہونے والے منصوبے کا اگر روٹ تبدیل ہوا تو اربوں روپے کے نقصان کا ذمہ دار کون ہوگا۔

میاں محمود الر شید نے کہا کہ صوبے کے سب سے معزز ایوان کو اعتماد میں نہ لیکر پورے ہاؤس اور ارکان اسمبلی کی توہین کی گئی میاں محمود الر شید نے درخواست میں باقاعدہ فریق بننے کی استدعا کی ہے۔