بھارتی دارالحکومت میں مسلمان نوجوان کی زبردستی داڑھی منڈوا کر اس پر تشدد کی وڈیو جاری

جمعہ 3 اگست 2018 12:17

نئی دہلی ۔03 اگست(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 3 اگست 2018ء) بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے مضافاتی علاقے گرو گرام میں تین افراد نے ایک مسلمان نوجوان کو پاکستانی قرار دیتے ہوئے زبردستی اس کی داڑھی منڈوادی، اس پر تشدد کیا اور اس کی وڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر جاری کر دی۔

(جاری ہے)

بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق 22 سالہ جعفرالدین سبزی لینے کھنڈسہ منڈی گیا اور یہاں حجامت کے لئے ایک باربر شاپ پر موجود تھا کہ اس دوران دو اوباش افراد گوراو اور نتن کمار کے ہتھے چڑھ گیا۔

انہوں نے جعفرالدین کو داڑھی منڈوا دینے کو کہا اور انکار پر اسے پکڑ کر اس پر تشدد کیا اور چاقو نکال کر باربر سے زبردستی جعفرالدین کی داڑھی منڈوا دی۔ ملزمان نے اس دوران وڈیو بھی بنائی اور بعد ازاں اسے سوشل میڈیا پر شیئر کردیا۔ پولیس نے تینوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے کارروائی شروع کر دی ہے