حسن نواز اور حسین نواز کو گرفتار کرنے کے لیے بڑا قدم اٹھا لیا گیا

وزارت داخلہ نے سابق وزیراعظم نوازشریف کے صاحبزادے حسن نواز اور حسین نواز کے خلاف ریڈ وارنٹ کی منظوری دے دی

جمعہ 3 اگست 2018 22:13

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 3 اگست 2018ء) :حسن نواز اور حسین نواز کو گرفتار کرنے کے لیے بڑا قدم اٹھا لیا گیا۔ وزارت داخلہ نے سابق وزیراعظم نوازشریف کے صاحبزادے حسن نواز اور حسین نواز کے خلاف ریڈ وارنٹ کی منظوری دے دی۔تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت نے 6جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سنا دیا تھا۔

نواز شریف اور مریم نواز کو ایون فیلڈ ریفرنس میں جرمانے کے علاوہ قید کی بھی سزا سنائی گئی ہے۔اس حوالے سے ابتدائی معلومات کے مطابق نواز شریف کو 10 سال جبکہ مریم نواز کو 7 سال قید بامشقت ہوئی تھی۔تاہم فیصلے کی تفصیلات سامنے کے بعد یہ بات واضح ہوئی تھی کہ نواز شریف اور مریم نواز کو 1,1 سال کی اضافی قید سنائی گئی ہے جس کے بعد نواز شریف کو مجموعی طور پر 11 جبکہ مریم نواز کو 8 سال قید کی سزا ہوئی ہے جبکہ کیپٹن صفدر کو ایک سال ا ہےقید کی سزا سنائی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ فیصلے میں کہا گیا تھا کہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کو باحق سرکار ضبط کرلیا جائے۔نواز شریف ،مریم نواز اور صفدر اب جیل میں ہیں جہاں انکی سزا کا آغاز ہوچکا ہے ۔اسی کیس میں میاں محمد نواز شریف کے صاحبزادوں کو بھی اشتہاری قرار دیا گیا تھا۔ایف آئی اے نے نواز شریف کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کو انٹرپول کے ذریعے گرفتار کروانے کا فیصلہ کیا تھا۔

اس مقصد کیلئے ایف آئی اے نے وفاقی وزارت داخلہ کو خط بھی تحریر کر دیا تھا۔ 10جولائی کو تحریر کیے گئے خط میں ایف آئی اے نے وزارت داخلہ کو درخواست کی تھی کہ سابق وزیراعظم نواز کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کے ریڈ وارنٹ جاری کیے جائیں۔اس حوالے سے تازہ ترین اطلاعات کے مطابق وزارت داخلہ نے سابق وزیراعظم نوازشریف کے صاحبزادے حسن نواز اور حسین نواز کے خلاف ریڈ وارنٹ کی منظوری دے دی، وزارت داخلہ نے ایف آئی اے کو حسن نواز اور حسین نواز کی گرفتاری کے لیے انٹرپول سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے اور اس حوالے سے ایف آئی اے کو تحریری ہدایت نامہ بھیجا گیا ہے جو انہیں موصول بھی ہوگیا ہے۔۔