پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے وزراء اعلیٰ کون ہوں گے، فیصلہ کرلیا گیا

عمران خان نے وزرائے اعلی اور وفاقی کابینہ کے وزرا کے ناموں کیلئے مشارت مکمل کر لی

جمعہ 3 اگست 2018 22:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 3 اگست 2018ء) پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وزرائے اعلی اور وفاقی کابینہ کے وزرا کے ناموں کیلئے مشارت مکمل کر لی ہے ، آئندہ ایک دو روز میں اعلان کر دیا جائیگا۔ تفصیلات کے کے مطابق تحریک اںصاف کے سربراہ ععمران خان آ ئندہ دو روز تک حکومتی عہدوں سے متعلق حتمی فیصلے کے بعد عہدوں کے لئے ناموں کا اعلان خود کریں گے۔

اس سلسلے میں عمران خان نے جمعہ کے روز پارٹی رہنما ڈاکٹر بابر اعوان سے حکومت سازی سے متعلق آئینی اور قانونی معاملات پر مشاورت بھی مکمل کر لی ۔ پاکستان میں 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں تحریک انصاف وفاق میں اکثریتی جماعت بن کر سامنے آئی۔

(جاری ہے)

پنجاب میں بھی تحریک انصاف حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے، جبکہ خیبرپختونخواہ میں تحریک انصاف نے ایک نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے کلین سوئپ کیا۔

تاہم انتخابات میں شاندار کامیابی کے باوجود تحریک انصاف حکومت سازی کے سلسلے میں شدید مشکلات کا شکار ہوگئی۔ خاص کر پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں وزارت اعلی کے عہدے کیلئے پارٹی کے کئی رہنما دعویویدار بن کر سامنے آگئے۔ پنجاب میں شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین کے درمیان وزارت اعلیٰ کیلئے رسہ کشی جاری ہے۔ دونوں رہنما اپنی پسند کے امیدوار کو وزیراعلی بنوانا چاہتے ہیں۔

دوسری جانب خیبرپختونخواہ میں بھی کچھ اسی قسم کی صورتحال ہے۔ خیبرپختونخواہ میں پرویز خٹک دوبارہ وزیراعلی بننے کے خواہش مند ہیں، جبکہ پارٹی سربراہ عمران خان سابق وزیر تعلیم عاطف خان کو صوبے کا نیا وزیراعلی بنانے کے خواہش مند ہیں۔ اسی باعث پنجاب، خیبرپختوںخواہ اور وفاق میں حکومت سازی کے حوالے سے تحریک انصاف کئی روز سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کر پائی تھی۔ تاہم اب ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ عمران خان نے پنجاب، خیبرپختوںخواہ اور وفاق میں حکومت سازی کے حوالے سے تمام مشاورت مکمل کرتے ہوئے حتمی فیصلے کر لیے ہیں۔ ان فیصلوں کا اعلان ایک سے دو روز میں کر دیا جائے گا۔