پی ٹی آئی اورایم کیوایم میں حکومت سازی کامعاہدہ طے پاگیا

مینڈیٹ کا احترام کیا جائے،دھاندلی والے حلقے کھولنے اورکراچی آپریشن میں زیادتیوں کاجائزہ لیا جائے گا،ایم کیوایم رہنماء خالد مقبول صدیقی کی گفتگو،منشور پر مکمل عملدرآمد کریں گے،کراچی کیلئے اسپیشل پیکج دیں گے،پی ٹی آئی رہنماء جہانگیرترین

جمعہ 3 اگست 2018 17:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 3 اگست 2018ء): پاکستان تحریک انصاف اور ایم کیوایم کے درمیان حکومت سازی کا معاہدہ طے پا گیا ہے، ایم کیوایم اور پی ٹی آئی مرکزاور سندھ میں ملکر حکومت بنائیں گے، پی ٹی آئی رہنماء جہانگیرترین نے کہا کہ کراچی کیلئے اسپیشل پیکج دیں گے، جبکہ ایم کیوایم کے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ مینڈیٹ کا احترام کیا جائے، دھاندلی والے حلقے کھولنے اورکراچی آپریشن کا زیادتیوں کاجائزہ لینے کا معاہدہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق ایم کیوایم کے وفد نے خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی، جس میں مرکز اور سندھ میں حکومت سازی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ بعدازاں پی ٹی آئی رہنماء جہانگیرترین نے ایم کیوایم کے وفد کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی کے 9آزاد ارکان پی ٹی آئی میں شامل ہوگئے ہیں اور فاٹا ارکان سے بھی رابطے میں ہیں۔

(جاری ہے)

ایم کیوایم پاکستان کا مکمل تعاون حاصل ہے۔ایم کیوایم سے مکمل معاہدہ طے پا گیا ہے۔ایم کیوایم حکومت سازی میں ہمارے ساتھ ہے۔ہمارا منشور بلدیاتی نظام کوسب سے زیادہ اہمیت دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ایم کیوایم کی لوکل گورنمنٹ پٹیشن کوہم نے سپورٹ کیا ہے۔پولیس اصلاحات کریں گے ،پولیس کے نظام میں بہتری لائیں گے۔کراچی میں لوگوں نے ہمیں اور ایم کیوایم کوووٹ دیا ہے۔

کیونکہ کراچی کے عوام کے مسائل حل نہیں کیے گئے۔لوگوں کوپانی ، تعلیم وصحت کے مسائل درپیش ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں ملک میں زیادہ سے زیادہ یونیورسٹیاں بنائی جائیں۔کراچی کیلئے اسپیشل پیکج دیں گے۔اس موقع پرایم کیوایم رہنماء خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیوایم اور پی ٹی آئی کے درمیان معاہدہ طے پایا ہے وہ جمہوریت کیلئے ضروری ہے۔

ہم چاہتے ہیں کہ کس طرح وسائل کونچلی سطح تک لیکر جائیں۔سندھ کے شہری علاقوں میں بھی ایم کیوایم کا مینڈیٹ تھا۔ان علاقوں اب پی ٹی آئی نے بھی نشستیں جیتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی کی ترقی اور خوشحالی پاکستان کی ترقی ہے۔ہم ہر اس قدم کوسپورٹ کریں گے جوپاکستان کی بہتری کیلئے ہوگا۔سندھ اورکراچی میں دوبارہ مردم شماری کا جائزہ لیا جائے گا۔

تحریک انصاف نے اس میں بھی تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کوانتخابی عمل میں شکوک وشبہات ہیں۔ایم کیوایم چاہتی ہے کہ دھاندلی والے حلقے کھولے جائیں وہاں بھی پی ٹی آئی مدد کرے گی۔انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن کا جائزہ لیا جائے گا اور اس کومنطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔اگر کہیں کسی کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے تواس کا ازالہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم تحریک انصا ف سمیت تمام جماعتوں کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں لہذا ہمارے مینڈیٹ کا بھی احترام کیا جائے۔