13آزاد ارکان ،پیپلز پارٹی بھی ہمارے ساتھ ہے، پنجاب میں حکومت ہم ہی بنائیں گے ‘رانا ثناء اللہ کا دعویٰ

130نشستیں جیتے ہیں ،حکومت بنانے کیلئے 18 اراکین کی ضرورت ہے ،پیپلزپارٹی کے 6اور 13آزاد ارکان کے ملنے سے ہماری حکومت پنجاب میں بن جاتی ہے‘رہنما مسلم لیگ (ن)

جمعہ 3 اگست 2018 19:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 3 اگست 2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ خاں نے دعویٰ کیاہے کہ 13 نو منتخب آزاد ارکان صوبائی اسمبلی ہمارے ساتھ ہیں اور پنجاب میں حکومت ہم ہی بنائیں گے۔عام انتخابات کے بعد ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں حکومت بنانے کے لیے پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) میں رسہ کشی جاری ہے۔

تحریک انصاف کی جانب سے آزاد امیدواروں کی حمایت حاصل کرنے کے بعد صوبائی حکومت بنانے کے لیے سادہ اکثریت حاصل ہونے کا دعوی کیا گیا لیکن اب مسلم لیگ(ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ نے بھی پنجاب میں حکومت بنانے کے لیے اکثریت حاصل ہونے کا اعلان کیا ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ 13نو منتخب آزاد ارکان صوبائی اسمبلی ہمارے ساتھ ہیں اور پیپلز پارٹی بھی ہمیں ہی پنجاب میں حکومت سازی کے لیے ووٹ دے گی لہٰذا صوبے میں حکومت ہم ہی بنائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 130 نشستیں ہم جیتے ہوئے ہیں اور حکومت بنانے کے لیے 18 اراکین کی ضرورت ہے جبکہ پیپلزپارٹی کے 6 اور 13آزاد ارکان کے ملنے سے ہماری حکومت پنجاب میں بن جاتی ہے۔یاد رہے کہ پاکستان مسلم لیگ نواز کو پنجاب اسمبلی میں مطلوبہ ارکان ملنے کی صورت میں حمزہ شہباز کو قائد ایوان بنائے جانے کا امکان ہے۔ذرائع نے جیوز نیوز کو بتایا کہ اگر (ن) لیگ پنجاب میں حکومت بنانے میں ناکام رہی تو سعد رفیق کو قائد حزب اختلاف بنایا جائے گا۔