تحریک انصاف کے رہنمائوں نے ہمارے بعض مطالبات مان لئے ہیں اور باقی ماندہ چند مطالبات پر جلد اتفاق رائے ہونے کی توقع ہے ،جونہی معاملات طے پائیں گے

میڈیا کو آگاہ کریں گے، ایم کیو ایم جمہوریت پر یقین رکھتی ہے اور ہم تحریک انصاف کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں ،توقع کرتے ہیں کہ ہمارے مینڈیٹ کا بھی احترام کیا جائے گا ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے اراکین کی پی ٹی آئی سینئر رہنما جہانگیر ترین اور دیگر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو

جمعہ 3 اگست 2018 21:49

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 3 اگست 2018ء) ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے اراکین نے کہاہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں نے ہمارے بعض مطالبات مان لئے ہیں اور باقی ماندہ چند مطالبات پر جلد اتفاق رائے ہونے کی توقع ہے جونہی معاملات طے پائیں گے، میڈیا کو آگاہ کریں گے۔ ایم کیو ایم جمہوریت پر یقین رکھتی ہے اور ہم تحریک انصاف کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں لیکن توقع کرتے ہیں کہ ہمارے مینڈیٹ کا بھی احترام کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں سینئر رہنما جہانگیر ترین اور دیگر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ قبل ازیں ایم کیو ایم کے پانچ رکنی وفد جن میں خالد مقبول صدیقی، عامر خان، وسیم اختر، فیصل سبزواری اور نوید کنور شامل تھے، نے پی ٹی آئی کے وفد سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی کے وفد میں جہانگیر ترین، عارف علوی، عمران اسماعیل اور اسحق خاکوانی شامل تھے۔

بعد میں پی ٹی آئی رہنمائوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ شراکتی، شمولیتی، مالیتی، انتظامی خود مختاری جیسے ایشوز پر مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے الیکشن 2018ء کے حوالے سے تحفظات ہیں تاہم اس کے باوجود ہم پاکستان تحریک انصاف کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں اور تحریک انصاف نے اس حوالے سے تعاون کا یقین دلایا ہے کہ جو بھی حلقے کھلوانے درکار ہوئے اس پر تحریک انصاف مکمل تعاون کرے گی اور کو ئی رکاوٹ نہیں ڈالے گی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقے آج بھی پاکستان کے کل محصولات کا 65 سے 70 فیصد حصہ ڈالتے ہیں، چند دن پہلے کراچی میں تحریک انصاف کے وفد کے ساتھ جو جمہوریت کو آگے لے کر جانے کے لئے تعاون پر اتفاق ہوا تھا، یہ ملاقات اسی سلسلے کی کڑی ہے، ہم تحریک انصاف کے قائد عمران خان کی دعوت پر اسلام آباد آئے ہیں۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ نے کراچی کی ترقی کے لئے ہمیشہ سے کردار ادا کیا اور کراچی کی ترقی دراصل پاکستان کی ترقی ہے اور ہر وہ قدم جو جمہوریت کو مضبوط کرے گا، اس کے لئے ہم مل کر ساتھ چلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مردم شماری کے حوالے سے ہم عدالت گئے ہوئے ہیں اور تحریک انصاف کے قائدین نے اس میں بھی مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سی چیزیں طے ہو گئی ہیں اور کچھ ہونا باقی ہیں جونہی ہم کسی نتیجہ پر پہنچیں گے اس بارے میں میڈیا کو آگاہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری یہاں موجودگی میڈیا کے بہت سارے سوالات کا جواب ہے۔

اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے بات چیت کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے وفد کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ جو بھی شکوک و شبہات کا اظہار کیا گیا ہے انہیں دور کرنے کے لئے ہم کھلے دل سے تعاون کریں گے اور ہم نے کھلم کھلا کہہ رکھا ہے کہ الیکشن کے حوالے سے جو بھی شکوک و شبہات ہیں ہم انہیں دور کرنے کے لئے ہر ممکن تعاون کے لئے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی طرح نہیں جنہوں نے 4 حلقے کھلوانے میں چار سال لگا دیئے۔ جہانگیر ترین نے کہا کہ ایم کیو ایم کے ساتھ فنانشنل پیکج پر بھی بات ہوئی ہے جو سندھ کے شہری علاقوں کے لئے خرچ کیا جائے گا اور اس پر فوری عملدرآمد بھی ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ حیدر آباد میں یونیورسٹی بھی قائم ہونی چاہیے اور یہ ہمارے منشور کا حصہ ہے کہ تعلیم پر خطیر رقم خرچ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے درمیان تحریری مفاہمتی یادداشت طے پا گئی ہے اور ہم ایم کیو ایم کی آئندہ حکومت سازی میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہیں۔