مسلم لیگ (ن) کا پارٹی صدر میاں شہبازشریف کو قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف بنانے کا حتمی فیصلہ

جمعہ 3 اگست 2018 20:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 3 اگست 2018ء)مسلم لیگ (ن) نے پارٹی صدر میاں شہبازشریف کو قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف بنانے کا حتمی فیصلہ کرلیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ(ن) نے حکومت سازی اور پارلیمان میں پارٹی کے کردار کے حوالے سے حکمت عملی طے کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ اگر قومی اسمبلی میں اپوزیشن کا کردار ادا کرنا پڑا تو میاں شہباز شریف قائد حزب اختلاف ہوں گے۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے برسراقتدار آنے کے بعد عمران خان کے وزیراعظم بننے کی صورت میں میاں شہباز شریف مسلم لیگ(ن) کی جانب سے اپوزیشن لیڈر کے امیدوار ہوں گے اور حزب اختلاف کی تمام جماعتوں سے مشاورت کے بعد انہیں متفقہ اپوزیشن لیڈر کے طور پر نامزد کیا جائیگا۔گزشتہ روز اپوزیشن جماعتوں نے قومی اسمبلی میں قائد ایوان،اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے متفقہ امیدوار لانے کا فیصلہ کیا تھا اور اس ضمن میں ایک مشاورتی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، فیصلے کے مطابق وزیراعظم کے لیے امیدوار(ن) لیگ سے جب کہ اسپیکر پیپلزپارٹی اور ڈپٹی اسپیکر کا امیدوار متحدہ مجلس عمل سے ہوگا۔