لبنان الیکٹرسٹی کارپوریشن کے صدر دفتر میں مرغیاں پالے جانے کا انکشاف

ایک ملازم نے گیرج میں پرندوں کو ایسی جگہ پر رکھا تھا جہاں توجہ نہیں دی جاتی ،معاملے کو زیادہ اچھالاگیا،حکام

جمعہ 3 اگست 2018 19:13

بیروت (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 3 اگست 2018ء)لبنان میں بجلی کے کارپوریشن نے ایک اعلان میں بتایا ہے کہ دارالحکومت بیروت میں کارپوریشن کے دفتر کی عمارت میں مرغیاں پالنے والے ملازم کے خلاف ضابطے کے مطابق اقدامات کیے گئے ۔ اس معاملے نے ایسے موقع پر ہنگامہ برپا کر دیا جب کہ ادارے کے حکام کو بدعنوانی کے پس منظر میں سخت تنقید کا سامنا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جاری ایک بیان میں لبنان الیکٹرسٹی کارپوریشن نے بتایا کہ ادارے نے بعض انتظامی اقدامات بھی کیے تا کہ اس نوعیت کے واقعات سے بچا جا سکے جو کارپوریشن کی بدنامی کا باعث بنتے ہیں۔چند روز قبل بیروت میں لبنان الیکٹرسٹی کارپوریشن کی عمارت میں مرغیوں کے پنجروں کی تصاویر منظرعام پر آئی تھیں جس نے میڈیا میں ایک ہنگامہ برپا کر دیا اور ساتھ ہی سوشل میڈیا پر استہزائیہ تبصروں کا سیلاب آ گیا۔

(جاری ہے)

البتہ الیکٹرسٹی کارپوریشن نے اس بات پر زور دیا کہ اس موضوع کو ضرورت سے زیادہ اٴْچھالا گیا جس نے ادارے کو معنوی لحاظ سے بہت زیادہ نقصان پہنچایا۔ ادارے کے مطابق واقعے کے ذمّے دار ملازم نے گیرج میں پرندوں کو ایسی جگہ پر رکھا تھا جہاں پر توجہ نہیں جا سکتی۔کارپوریشن نے مزید بتایا کہ اس حرکت سے ادارے کو کوئی مادی نقصان نہیں پہنچا اور یہ انفرادی نوعیت کا فعل تھا۔

لبنان مین سوشل میڈیا اور ذرائع ابلاغ کی جانب سے اس وقت جن معاملات پر زیادہ بحث ہو رہی ہے ان میں کچرے اور آلوگی سے نمٹنے میں ناکامی ، خانہ جنگی کے خاتمے کے تقریبا تیس برس بعد بھی بجلی کے بحران کا جاری رہنا، اختیارات کا ناجائز استعمال، بحری املاک پر حملے اور سرکاری ذمّے داران پر تنقید کے پس منظر میں کارکنان کی طلبی شامل ہے۔