ماسکو میں امریکی سفارت خانے میں روسی خاتون جاسوس کا انکشاف

جاسوس خاتون کو خفیہ ادارے کی جانب سے بھرتی کیا گیا ، 2016ء تک بنا کسی شک و شبہات کے کام کرتی رہی،امریکی حکام

جمعہ 3 اگست 2018 19:13

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 3 اگست 2018ء)امریکی انتظامیہ کو شبہہ ہے کہ ماسکو میں امریکی سفارت خانے میں 10 برس سے زیادہ کام کرنے والی روسی اہل کار اپنے ملک کے لیے جاسوسی کر رہی تھی۔امریکی ٹی وی نے امریکی انتظامیہ کے ایک ذمّے دار کے حوالے سے بتایا کہ جاسوس خاتون جس کو خفیہ ادارے کی جانب سے بھرتی کیا گیا تھا، 2016ء تک بنا کسی شک و شبہات کے کام کرتی رہی۔

مذکورہ خفیہ ادارہ امریکی سرزمین اور بیرون ملک تحفظ اور تحقیقات کی سرگرمیاں انجام دینے کا ذمّے دار ہے۔معمول کی تفتیش کے دوران امریکی حکام کو انکشاف ہوا کہ روسی خاتون نے باقاعدگی کے ساتھ روسی انٹیلی جنس ادارے ایف ایس بی کے ساتھ گفتگو انجام دی جس کی اٴْسے اجازت تھی۔

(جاری ہے)

اورشبہ ہے کہ اس خاتون نے ممکنہ طور پر خفیہ معلومات حاصل کر لی ہوں گی۔

امریکی انتظامیہ کے ایک بڑے عہدے دار نے بتایا کہ روسی خاتون کے انتہائی خفیہ معلومات تک پہنچنے کے امکانات نہیں تھے تاہم اس نے ضرورت سے زیادہ معلومات فراہم کیں۔گزشتہ موسم گرما میں امریکی وزارت خارجہ کی جانب سے سکیورٹی پرمٹ واپس لے لیے جانے کے بعد اس روسی خاتون کو برخاست کر دیا گیا۔واضح رہے کہ امریکا اور روس کے درمیان تعلقات انتہائی کشیدہ ہیں۔ بالخصوص 2016ء میں صدارتی انتخامات کی مہم اور امریکی انٹیلی جنس کی جانب سے ماسکو پر انتخابات میں مداخلت کے الزام کے وقت سے دونوں ملکوں کے بیچ تناؤ دیکھا جا رہا ہے۔