پنجاب کے سیاستدان جب بھی بیمار ہوتے ہیں لندن چلے جاتے ہیں،بلاول بھٹو زرداری

کوئی جیل سے بچنے کیلئے اور کوئی جیل سے نکلنے کیلئے الیکشن لڑرہاہے ،چیئرمین پیپلزپارٹی کا تاندلیانوالہ میں انتخابی جلسے سے خطاب

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 11 جنوری 2024 16:03

پنجاب کے سیاستدان جب بھی بیمار ہوتے ہیں لندن چلے جاتے ہیں،بلاول بھٹو زرداری
تاندلیانوالہ(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 جنوری2024 ء) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پنجاب کے سیاستدان جب بھی بیمار ہوتے ہیں لندن چلے جاتے ہیں۔حکومت میں آئے تو ان سیاستدانوں کے دل کے علاج کا بھی بندوبست کرلیں گے۔آپ میری حکومت بنائیں انہیں لندن نہیں جانا پڑے گا۔کوئی جیل سے بچنے کیلئے اور کوئی جیل سے نکلنے کیلئے الیکشن لڑرہاہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کاتاندلیانوالہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آج بھی تمام جماعتوں کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں، ہم ڈرنے والے نہیں ہیں۔ آپ کو ایک بار پھر جیالے کو وزیراعلیٰ اور وزیراعظم بنانا ہے۔ عوام کی طاقت سے بے روزگاری، غربت اور مہنگائی کا خاتمہ کریں گے، ہم 10 نکاتی انتخابی ایجنڈا لے کر عوام کے پاس آئے ہیں۔

(جاری ہے)

ہر یونین کونسل میں بھوک مٹاو پروگرام شروع کریں گے۔

بے نظیر مزدورکارڈکے ذریعے مزدوروں کی پنشن پہنچائیں گے، کسانوں کو فرٹیلائزر اور بیمے سمیت تمام سہولیات پہنچائیں گے، پنجاب کے کسانوں کیلئے بینظیر کسان کارڈ لےکر آئیں گے۔ان کا کہنا تھا مزیدکہنا تھا کہ 30لاکھ بے گھروں کیلئے گھربنا رہا ہوں، مزدور کارڈ کے ذریعے مزدوروں کے بچوں کو مفت تعلیم دیں گے۔ یوتھ کارڈ کے ذریعے ایک سال کیلئے مالی مدد فراہم کریں گے، طلبہ کو بلاسود قرض فراہم کریں گے، ملازمت ملنے پر طلبہ اپنا قرضہ واپس کرسکیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ غربت اور بیروزگاری تاریخی سطح پر پہنچ چکی ہے۔ ہر یونین کونسل میں بھوک مٹاو پروگرام شروع کریں گے، بھوک کا مقابلہ کرنے کیلئے اسکولوں میں بھی بچوں کو کھانا کھلائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹوکو شہید کر کے غریب کی آواز کو دباسکیں گے وہ سوچتے کہ بینظیر بھٹو کو شہید کر کے وہ جیالوں کا راستہ روک سکتے ہیں میں ان سب کو پیغام دینا چاہتاہوں کہ ہم پیپلزپارٹی والے ہیں ،ہم جیالے ہیں،ہم ڈرنے والے نہیں ہیں،ہم پیچھے ہٹننے والے نہیں ہیں۔

ہم آج بھی تمام سیاسی جماعتوں کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیںانشاءاللہ ہم پورے پاکستان اور دنیا کو دکھائیں گے کہ آج بھی جیالا زندہ ہے اور ہم ان سے اپنا حق چھینیں گے یہ جو انہوں نے اشرافیہ کی سیاسی جماعتیں آپ پر اور اس صوبے پر مسلط کیں یہ غریب دشمن اور کسان دشمن جماعتیں ہیں جب بھی وہ حکومت میں آتے ہیں غریب کو تکلیف پہنچاتے ہیں ۔ذوالفقار علی بھٹو شہید جب ملک کے وزیراعظم بنے تو وہ کسان اور نوجوانوں کے نمائندہ وزیراعظم تھے ۔شہید بینظیر بھٹو مسلمہ امہ کی پہلی خاتون وزیراعظم بنی تھیں۔اب ہم نے ایک بار پھر عوا می حکومت بنانی ہے عوامی راج قائم کرنا ہے ایک بار پھر لاہور اور اسلام آباد میں مزدوروں اورکسانوں کی حکومت بنانی ہے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں