Khawahishain Qatal Ki Gayi Khawab Fana Kiye Gaye

خواہشیں قتل کی گئیں، خواب فنا کیے گئے

خواہشیں قتل کی گئیں، خواب فنا کیے گئے

یعنی بڑے جتن سے ہم، خود سے جدا کیے گئے

جوہرِ خوش صفات کی، راکھ ہیں ممکنات کی

ٹھیک سے دیکھیے کہ ہم، کون تھے کیا کیے گئے

پیرویءِ ضمیر سے، اور تو کچھ نہیں ہُوا

کام خراب کر لیے، دوست خفا کیے گئے

رکھے گئے تھے ضبط کی، قید میں جو تمام دن

رات کو گھر پہنچ کے وہ، اشک رہا کیے گئے

قوم کے سارے شرپسند، محوِعمل تھے رات دن

جتنے بھی اہل ِ خیر تھے، صرف دعا کیے گئے

ذکر کیا کرو نہ تم، اہل ِ جہاں کے درد کا

تم جو نگاہ پھیر کر، ذکرِ خدا کیے گئے

ربِّ سخن سے یہ گلہ، بنتا نہیں ہے کیا کہ ہم

عہدِ منافقت میں کیوں، نغمہ سرا کیے گئے

کرتے ہو کیوں موازنہ، اہلِ ہوس کا ہم سے تم

ہم تو وہ لوگ ہیں جنھیں، شعر عطا کیے گئے

چارہ گران ِ جسم کو، روح کی کیا خبربھلا

ہم کو نہیں تھا جو مرض، اُس کی دوا کیے گئے

خالقِ حسن کو بہت، فکر تھی تیری اے حسیں

ہم بہ مشیّتِ خدا، تجھ پہ فدا کیا کئے

ملتا نہ تھا کوئی صلہ، پاس ِ وفا کا اور پھر

ہم نے یہ فکر چھوڑ دی، اور وفا کیے گئے

ایک بزرگ روح سے، پوچھی تھی رمزِآگہی

اُس نے کہا کہ عشق کر، ہم بہ رضا کیے گئے

شام وہ اختیار کی، حسن سے کیا اُدھار کی

باقی تمام عمر ہم، قرض ادا کیے گئے

عرفان ستار

© UrduPoint.com

All Rights Reserved

(317) ووٹ وصول ہوئے

Your Thoughts and Comments

Urdu Nazam Poetry of Irfan Sattar, Khawahishain Qatal Ki Gayi Khawab Fana Kiye Gaye in Urdu. This famous Urdu Shayari is a Ghazal, and the type of this Nazam is Love, Sad, Social, Friendship, Bewafa, Heart Broken, Hope Urdu Poetry. Also there are 92 Urdu poetry collection of the poet published on the site. The average rating for this Urdu Shayari by our users is 4.2 out of 5 stars. Read the Love, Sad, Social, Friendship, Bewafa, Heart Broken, Hope poetry online by the poet. You can also read Best Urdu Nazam and Top Urdu Ghazal of Irfan Sattar.