
’’ لیکن نیت تو صاف ہے‘‘
جمعرات 23 جنوری 2020

احتشام الحق شامی
فیصل آباد پولیس کے مطابق موٹرسائیکل سوارشہری سے پندرہ کلو آٹے کا تھیلا چھین کرفرار ہو گئے، گویا اگر یہی ملکِ پاکستان میں یہی صورتِ حال جاری رہی تو عوام کو تندوروں سے گھروں تک روٹیاں لانے کے لئے کسی سیکیورٹی کمپنی کی خدمات لینی پڑ یں گی اور حکومت کو اعلان کروانا پڑے گا کہ عوام الناس اپنے آٹے کے تھیلوں کے حفاظت خود کریں ، نقصان کی صورت میں حکومت ذمہ دار نہیں ہو گی ۔
(جاری ہے)
اپنے سیاسی مخالفین کو بدترین انتقام کا نشانہ بنایا،ان پر جھوٹے مقدمات بنوائے، جیلوں میں ڈلوایا سزائیں دلوائیں لیکن نیت تو صاف ہے ۔ یہاں فواد حسن فواد کا نام نہ لیتا ممکن نہیں جنہیں ڈیڈھ سال بعد کسی قسم کی کرپشن ثابت نہ ہونے پر بل آکر ضمانت پر رہا کیا گیا ۔ ان پر جھوٹا مقدمہ بنانے اور انہیں گرفتار کرنےکاحکم پہلے سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیرمیمن کوبھی دیا گیالیکن اس فرض شناس افسر نے جعلی کیس بنانے سے انکارکیاتھا ۔ یہ تو صاف نیت والے کی سیاسی مخالفین سے ذاتی انتقام لینے کی ایک ادنی سی مثال ہے ۔ رانا ثناء اللہ،انجینئر قمر السلام، مفتاح اسمائیل اور دیگر ایسی ہی اور مثالیں بھی موجود ہیں جو اس بات کی گواہی ہیں کہ صاف نیت والے کی حکم پر اپنے سیاسی مخالفین کو جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات میں پھنسا کر جیلوں میں ڈالا گیا ۔ نیب کے انتقام لینے کا اعتراف تو اب حکومتی وزیر بھی کرنے لگے ہیں ۔ لیکن نیت تو صاف ہے ۔
کہتا تھا کہ کرپٹ لوگوں کو ساتھ نہیں رکھوں گا آج اس کی کابینہ میں آدھے سے زیادہ وہ وزیر اور مشیر بیٹھے ہیں جو نیب یا دیگر عدالتوں کو مختلف مقدمات میں مطلوب ہیں لیکن نیت صاف ہے ۔ پہلے ملک کو نیا پاکستان بنانے کا دعوی کیا لیکن اٹھارہ ماہ میں ہی ملک کو کنگال کر کے رکھ دیا پھر نیو ریاستِ مدینہ بنانے کا اعلان کیا مگر مہنگائی سے غریب عوام کی چیخیں نکال کر رکھ دیں لیکن نیت تو صاف ہے ۔
عالمی ادارے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے کرپشن پر اپنی سالانہ عالمی رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق پاکستان میں سال دو ہزار اٹھارہ کے مقابلہ میں سال دو ہزار انیس میں کرپشن بڑھ گئی اور پاکستان تین درجے نیچے چلا گیا ہے ۔ لیکن نیت تو صاف ہے ۔ ملکِ نیا پاکستان کی معیشت آئی ایم ایف اور خارجہ پالیسی امریکہ کے حوالے کر دی ۔ ملک کو خود مختار بنانے کے دعوے دار نے وزیرخزانہ ،چیئرمین ایف بی آر، گورنر اسٹیٹ بینک اور اب ڈپٹی گورنر تک عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کے نامزد اور مقرر کردہ افراد کو لگا کر اپنے ہی دعووں کی دھجیاں بکھیر دیں ۔ لیکن صاف نیت میں پھر بھی کوئی شک نہیں ۔
سادگی اپنانے کی مثالیں دیں لیکن خود پروٹوکول رکھ کر ہیلی کاپٹروں اور جہازوں میں گھومنا شروع کر دیا ۔ سادگی کا پیکر یہ بھی کہتا تھا کہ نوکروں کے ساتھ کھانا کھا لیتا ہوں ،لیکن اب پانچ لاکھ روپے تنخواہ لینے کے بعد بھی کہتا ہے کہ اس تنخواہ میں میرا گزارا نہیں ہوتا ۔ نیت صاف ہے ۔ کہتا تھا گورنر ہاوسز اور وزیرِا عظم ہاوس میں یونیورسٹیاں بناوں گا مگر وہاں اب بھی پرانا اسٹیٹس بحال ہے اور عیاشیاں ہو رہی ہیں ۔ وزیرِاعظم کے چوتھے فلور پر کیا ہوتا رہا ،سب نے سنا ۔ لیکن نیت صاف ہے ۔ کہتا تھا قرضہ لینے کے بجائے خود کشی کروں گا لیکن کشکول اٹھا کر ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ قرضہ لے گیا ۔ نیت صاف ہے ۔ کہتا تھا کہ لوٹے ہوئے اربوں روپے سابقہ حکمرانوں کا پیٹ چیر کر نکالوں گا لیکن ناکام ہو کر اب خود ہی انہیں مصالحت کی دعوت دے رہا ہے ۔ نیت تو پھر بھی صاف ہے ۔
آج تک ریکارڈ جھوٹ بولے گئے، درجنوں یوٹرن لیئے گئے، بار ہا اپنے ووٹروں کو بے وقوف بنایا گیا اور بار بار اپنے کہے کا الٹ کیا ۔ کہتا تھا اورنج لائن اور میٹرو بس سروس مہنگا منصوبہ ہے، یہ جنگلہ سروس ہے اسے بند کروں گا،اب خود ہی اس کے افتتاح کر رہا ہے لیکن نیت صاف ہے ۔
کل کہا کہ’’ مجھے پاکستان سے پیار تھا‘‘ لیکن ماضیِ قریب میں اسپانسرڈ دھرنے کے دوران پاکستان بند کرنے ، ملک کا لاک ڈاون ، سرکاری املاک پر حملے ،عوام کو سول نافرمانی پر اکساتا اوربیرونِ ملک پاکستانیوں کو پیسے ہنڈی سے بھیجنے کے ترغیب دیتا رہا ۔ سیاست میں نفرت، گالی اور تشدد کو فروغ دیا،، فوج کی سیاست میں مداخلت کے زریعے نفرت پھیلائی لیکن نیت تو صاف ہے ۔ ایک جانب میڈیا کی آذادی کے دعوے کیئے لیکن ان اٹھارہ ماہ میں ملکی تاریخ کی بدترین میڈیا سنسر شپ کرنے کا اعزاز بھی اپنے نام کیا ۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اب اظہارِ رائے کے واحد زریعے سوشل میڈیا پر بھی سخت ترین پابندیاں لگنے جا رہی ہیں ۔ یہ وہی سوشل میڈیا ہے جس کے زریعے صاف نیت والے نے اپنے دورِ کنٹینر میں حکومتِ وقت کے خلاف محاذ کھولا ہوا تھا ۔لیکن نیت صاف ہے.
پہلے کہا کہ کشمیر کو آذاد کرواوں گا لیکن امریکہ دورے میں مقبوضہ کشمیر کا سودا کر کے واپسی پر قوم کو کہا کہ ہمیں اب آذاد کشمیر کا بچانا ہے. لیکن نیت صاف ہے ۔ عوام کو دو وقت کی روٹی کا محتاج بنا کر ریلیف دینے کے دعوے دار نے کل ہی بجلی کے بلوں میں زبردستی وصول کی جانے والی ٹی وی فیس پینتیس روپے سے بڑھا کر سو روپے کرنے کا فیصلہ کیا ۔
پاکستان کو خود مختار ریاست بنانے کے دعوے دارروں کے سامنے امریکی عہدے دار ایلس ویلز نے پاکستان کے گیم چینجر منصوبے سی پیک کا ایسا تیا پانچہ کیا کہ برادر ملک چین کو امریکہ کے خلاف سخت مذمتی بیان جاری کرنا پڑا اور یہاں تک کہنا پڑا کہ امریکہ ’’عالمی تھانیدار نہ بنے‘‘ لیکن صاف نیت والا خاموش تماشائی بنا رہا ۔ کیونکہ نیت تو صاف ہے ۔
ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
تازہ ترین کالمز :
احتشام الحق شامی کے کالمز
-
حقائق اور لمحہِ فکریہ
ہفتہ 19 فروری 2022
-
تبدیلی، انکل سام اورحقائق
بدھ 26 جنوری 2022
-
’’سیکولر بنگلہ دیش اور حقائق‘‘
جمعہ 29 اکتوبر 2021
-
”صادق امینوں کی رام لیلا“
ہفتہ 2 اکتوبر 2021
-
”اسٹبلشمنٹ کی طاقت“
جمعہ 1 اکتوبر 2021
-
ملکی تباہی کا ذمہ دار کون؟
بدھ 29 ستمبر 2021
-
کامیاب مزاحمت آخری حل
بدھ 1 ستمبر 2021
-
"سامراج اور مذہب کا استعمال"
جمعہ 27 اگست 2021
احتشام الحق شامی کے مزید کالمز
کالم نگار
مزید عنوان
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.