آج پاکستان عوامی تحریک کے قیام کو 25 سال ہو گئے، سلور جوبلی منائی جائے گی،ڈاکٹر طاہر القادری انقلاب کے فیصلہ کن مرحلے کے لیے تیار ، 2014 ء انقلاب کا سال ہے،آج 300 شہروں میں ہونے والے ورکرز کنونشنز میں لاکھوں کارکنان شرکت کریں گے،دنیا بھر میں یوم تاسیس کی تقاریب میں کیک کاٹے جائیں گے

اتوار 25 مئی 2014 08:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25مئی۔2014ء)25 برس قبل 25 مئی کو ڈاکٹر طاہر القادری نے موچی دروازہ لاہور میں پاکستا ن عوامی تحریک کے قیام سے نعرہ انقلاب بلند کیا تھا۔ ان کی انقلابی جدوجہد کو آج 25 برس مکمل ہو گئے ہیں اور وہ اپنی تحریک کو انقلاب کے فیصلہ کن مرحلے تک لے آئے ہیں کیونکہ جماعت انقلاب کی اذان اور اقامت ہو چکی اور 2014ء کے اختتام سے قبل جماعت کھڑی ہونے والی ہے۔

آج دنیا بھر میں پاکستان عوامی تحریک کے کارکنا ن رواں سال کے اختتام سے قبل سبز انقلاب کی منزل کو حاصل کرنے کے لیے اپنے قائد کے ساتھ تجدید عہد کریں گے اور دنیا بھر میں یوم تاسیس کی تقاریب میں کیک کاٹے جائیں گے ۔آج(اتوار) ملک بھر کے 300 شہروں میں پاکستان عوامی تحریک کے یوم تاسیس کے موقع پر ورکرز کنونشنز منعقد ہوں گے جس میں ہر جگہ ہزاروں کی تعداد میں مرد و خواتین شرکت کریں گے اس طرح مجموعی طورپر لاکھوں کارکنان ڈاکٹر طاہر القادری کا ولولہ انگیز انقلابی خطاب سننے کے لیے جمع ہوں گے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر طاہر القادری کا آج ہونے والا خطاب انقلاب کی منزل کو پانے کے لیے ملک بھر کے ورکرز کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل اور مشعل راہ ثابت ہوگا ۔ مرکزی سطح پر اہل لاہور ہزاروں کی تعداد میں ماڈل ٹاؤن میں ہونے والے ورکرز کنونشن میں شرکت کریں گے ۔ورکرز کنونشن کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔ سلور جوبلی کے موقع پر ہونے والے ورکرز کنونشن میں 100 فٹ لمبا اور 20 فٹ چوڑا سٹیج، کنٹینر لگا کر تیا ر کر لیا گیا ہے۔ وسیع و عریض گراؤنڈ میں 100 بڑی ٹاور لائٹس نصب کر دیں گئی ہیں۔ 60 دیو ہیکل پنکھے لگا دئیے گئے ہیں جبکہ بڑے سائز کی دو ڈیجیٹل سکرینزبھی نصب کر دی گئی ہیں جس کی مدد سے ڈاکٹر طاہر القادری حاضرین سے مخاطب ہوں گے۔