پشاور،وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے سادہ تقریب میں سانحہ رمک کے متاثرین کو دیت کی مد میں دو کروڑ 80 لاکھ روپے مالیت کے چیک حوالے کئے

اتوار 25 مئی 2014 08:13

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25مئی۔2014ء)خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے سی ایم ہاؤس پشاور میں منعقدہ ایک سادہ تقریب میں سانحہ رمک ڈیرہ اسماعیل خان کے متاثرین کو دیت کی مد میں دو کروڑ 80 لاکھ روپے مجموعی مالیت کے چیک حوالے کئے صوبائی وزیر زراعت اکرام الله گنڈا پور ، وزیر مال علی امین گنڈا پور ، کمشنر ڈیرہ مشتاق جدون، ڈیرہ انتظامیہ کے دیگر حکام اور عمائدین علاقہ بھی اس موقع پر موجود تھے تین ہفتے قبل دو مئی کو رونما اس المناک سانحے میں9 افراد جاں بحق اور 11 شدید متاثر ہوئے تھے چنانچہ اب واقعہ کی ذمہ دار خزانہ شوگر ملز ٹو انتظامیہ کی جانب سے دیت معاہدے کے تحت جاں بحق افراد کیلئے فی کس 25 لاکھ اور شدید متاثر کیلئے 5لاکھ ادائیگی کی گئی صلح معاہدے کے تحت ملز انتظامیہ کی طرف سے جائے حادثہ پر پل اور نالے کی فوری تعمیر کا فیصلہ بھی ہوا ہے وزیر اعلیٰ نے ڈیرہ انتظامیہ اور جرگہ کی کوششوں سے مقامی رواج کیمطابق اس فیصلے کو سراہا تاہم اُنہوں نے ہدایت کی کہ صرف معاہدہ ہوجانے اور متاثرین کو دیت اورمالی امداد کی فراہمی پراکتفا نہ کیا جائے بلکہ اس دلخراش واقعہ کی انکوائری حقیقی روح کیمطابق جلدازجلد مکمل کی جائے اور ذمہ داران کا واضح تعین کرکے اُنہیں قرار واقعی سزاد دی جائے تاکہ آئندہ کسی کی مجرمانہ غفلت سے اس طرح کے جان لیوا واقعات رونما نہ ہوں کمشنر ڈیرہ نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ حادثے کے چند روز بعدپی ڈی ایم اے اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے جاں بحق افراد کے ورثاء کو ایک ایک لاکھ جبکہ بے ہوش و زخمیوں کو پچاس پچاس ہزار روپے کی فوری امداد دی گئی تھی وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر سیکرٹری خزانہ کو متاثرین کیلئے صوبائی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ 20 لاکھ روپے جلدریلیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔