صومالیہ، شدت پسندوں کا پارلیمنٹ پر حملہ، کم ازکم 10افراد ہلاک

اتوار 25 مئی 2014 08:14

موغادیشو(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25مئی۔2014ء)صومالیہ میں القاعدہ سے منسلک شدت پسند تنظیم الشباب کے جنگجووٴں نے ہفتہ کو ملک کی پارلیمنٹ پر حملہ کیا اور پولیس کے مطابق بم دھماکے اور فائرنگ سے کم از کم دس ہلاک ہو گئے۔برطانوی خبر رساں ادارے نے پولیس کے ایک افسر کے حوالے سے کہا ہے کہ پارلیمنٹ ہاوٴس کے مرکزی گیٹ پر ایک کار بم دھماکے کے بعد ایک خودکش بم دھماکا ہوا۔

پولیس کے مطابق کار بم دھماکے کے بعد پارلیمنٹ ہاوٴس میں موجود قانون سازوں اور وہاں موجود دیگر عملے کو نکال لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ایک قانون ساز کے مطابق اس حملے میں اْن کے تین ساتھی زخمی بھی ہوئے۔صومالیہ میں حکومت نے شدت پسند تنظیم الشباب کو دو سال قبل کارروائی کر کے ملک کے دارالحکومت سے باہر دھکیل دیا تھا لیکن اس تنظیم کے جنگجووٴں نے گوریلا جنگ شروع کر رکھی ہے۔

الشباب کے ایک ترجمان نے رائیٹرز کو بتایا کہ اْن کی تنظیم اس حملے کے پیچھے ہے اور دعویٰ کیا کہ ”پارلیمنٹ میں لڑائی جاری ہے۔“اس تنظیم نے پڑوسی ملک کینیا میں بھی حملے کیے ہیں اور گزشتہ سال ستمبر میں نیروبی کے ایک بڑے شاپنگ مال پر حملے اور کئی گھنٹوں تک قبضہ کیے رکھا اور اس دوران یہاں 67 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔