شہر کراچی میں آج سیاسی و مذہبی جماعتوں کی سرگرمیاں عروج پر رہیں گی،ایم کیو ایم جماعت اسلا می ، جماعة الدعوةاور مسلم لیگ (ق) جلسے ، ریلیاں اور تقریب کا اہتمام کر رہی ہیں،سیکورٹی ہائی الرٹ

اتوار 25 مئی 2014 08:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25مئی۔2014ء )شہر کراچی میں آج ( اتوار ) کوسیاسی و مذہبی جماعتوں کی سرگرمیاں عروج پر رہیں گی ، متحدہ قومی موومنٹ ،جماعت اسلا می ، جماعة الدعوةاور مسلم لیگ (ق) شامل میں شہر میں جلسے ، ریلیاں اور تقریب کا اہتمام کر رہی ہیں جس کے بعد شہر میں سیکورٹی کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کراچی نے جماعت اسلامی کے امیر اور سینئر وزیر سراج الحق جماعت اسلامی کے امیر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی بار کراچی میں ان کے اعزاز میں تقریب کااہتما م کیاہے یہ تقریب ادارہ نورحق میں منعقد ہو گی جس میں شہر بھر سے جماعت اسلامی کے کارکنان کی کثیر تعداد شریک ہو گی ۔

دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ بھی اپنے قائد الطاف حسین سے تجدید عہد وفا کے سلسلے میں ریلی نکال رہی ہے اور اس سلسلے میں ایم اے جناح روڈ پرتبت سینٹر کے مقام پر سہ پہر3بجے جلسے کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جہاں متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماء خطاب کریں گے ۔

(جاری ہے)

آج اتوار کے روز ہیجماعة الدعوةپاکستان کی جانب شام 4بجے قائد اعظم کے مزار پر تکبیر کنونشن کے عنوان سے یوم تکبیر منایا جائے گا جس سے امیر جماعة الدعوةپروفیسر حافظ سعید احمد خصوصی خطاب کریں گے سیکیورٹی کے لئے خصوصی طور پر سی سی ٹی کیمرے اور جماعة الدعوةکے 1200سو رضاکار سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے جبکہ مسلم لیگ (ق) کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں سے کراچی میں پاک فوج کے حق میں ریلی نکالی جا رہی ہے ۔

سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے جانب سے پروگرام کے انعقاد کے باعث آج اتوار کو شہر مختلف سرگرمیوں کا مرکز رہے گا ۔ذرائع کے اسی سلسلے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے شہر بھر میں سیکیورٹی کے مئوثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔