شہر قائد میں قتل و غارت گری کا سلسلہ نہ رک سکا۔ قائد آباد اور سرجانی ٹاوٴن سے ایک گھنٹے کے دوران چار افراد کی لاشیں برآمد،منگھو پیر کنواری کالونی میں رینجرز کا سرچ آپریشن جاری، متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا

اتوار 25 مئی 2014 08:13

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25مئی۔2014ء ) شہر قائد میں قتل و غارت گری کا سلسلہ نہ رک سکا۔ قائد آباد اور سرجانی ٹاوٴن سے ایک گھنٹے کے دوران چار افراد کی لاشیں ملی ہیں۔ پرتشدد واقعات میں ہلاکتوں کی تعداد چھ ہو گئی۔ منگھو پیر کنواری کالونی میں رینجرز کا سرچ آپریشن جاری متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ شہر میں انسانی لاشے ملنے کا سلسلہ تھم نہیں سکا۔

ایک گھنٹے میں چار افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ قائد آباد مدینہ ٹاوٴن سے 2 تشدد زدہ لاشیں ملی ہیں۔ پولیس کے مطابق مقتولین کو اغواء کے بعد تشدد اور فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا۔ دونوں افراد کی شناخت نہیں ہو سکی۔ سرجانی ٹاوٴن تھانے کے علاقے یارو گوٹھ کے قریب ایک گاڑی میں سے دو افراد کی ہاتھ پاوٴں بندھی لاشیں ملی ہیں جس میں سے ایک لاش کی شناخت نیو کراچی کے دانش کی نام سے ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

اورنگی ٹاوٴن پاکستان بازار میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔ اورنگی ٹاون ہی کی رئیس امروہوی کالونی میں فائرنگ سے بس کنڈکٹرصابر جاں بحق ہو گیا۔ لیاری کے علاقے کلری میں پولیس اور گینگ وار ملزموں کے درمیان مبینہ مقابلے میں گینگ وار کے دو کارندے مارے گئے۔ پولیس مقابلے کے بعد ایک ملزم کو گرفتار بھی کر لیا گیا۔

ملزموں کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ دوسری جانب کرائم برانچ 2 نے مزار قائد کے قریب سے گینگ وار کے دو کارندوں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان قتل سمیت دیگر مقدمات میں مطلوب تھے۔ ادھر جرائم پیشہ افراد کی سر کوبی کے لئے منگھو پیر کنواری کالونی میں رینجرز نے سرچ آپریشن کیا۔ رینجرز نے علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کر کے گھر گھر تلاشی لی خواتین سمیت 300 اہلکاروں نے آپریشن میں حصہ لیا۔ دوران تلاشی متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :