نوازشریف کا ہسپتال جانے سے انکار، طبی سہولیات جیل ہی میں فراہم کرنے کا مطالبہ

بدھ 25 جولائی 2018 19:11

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 25 جولائی 2018ء)سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے اڈیالہ جیل میں معائنہ کرنے والی ڈاکٹرز کی ٹیم کے ہمراہ الٹراسائونڈ کیلئے ہسپتال جانے سے انکار کرتے ہوئے تمام طبی سہولیات جیل ہی میں فراہم کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پمز ہسپتال کے ڈاکٹرز پر مشتمل تین رکنی ٹیم نے اڈیالہ جیل میں اسیر سابق وزیراعظم نواز شریف کا معائنہ کیا۔

میڈیکل ٹیم نے مسلم لیگ (ن) کے قائد کی صحت پر اطمینان کا اظہا کرتے ہوئے کچھ الٹراسائونڈ تجویز کیے جس کے لیے ڈاکٹرز نواز شریف کو اپنے ہمراہ ہسپتال لے جانا چاہتے تھے تاہم سابق وزیراعظم نے جیل سے باہر جانے سے انکار کرتے ہوئے الٹراسائونڈ جیل ہی میں کرانے کا مطالبہ کردیا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپنے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کو بھی میڈیکل ٹیم میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا ہے جس کی پمز ہسپتال کی میڈیکل ٹیم نے بھی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عدنان 20 سال سے نواز شریف کے پرسنل فزیشن ہیں اور ان کی صحت سے متعلق ہسٹری سے بھی آگاہ ہیں اس لیے ان کی شمولیت سے ٹیم کو فائدہ ہوگا۔

دوسری جانب نواز شریف کے پرسنل فزیشن ڈاکٹر عدنان نے نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے شکوہ کیا ہے کہ وہ بارہ دن سے اڈیالہ جیل کا چکر لگا رہے ہیں لیکن انہیں نواز شریف سے ملنے نہیں دیا جا رہا ہے جس پر انہیں تشویش ہے تاہم اگر انہیں ٹیم میں شامل کرلیا جاتا ہے تو یہ خوش آئند بات ہوگی۔واضح رہے سابق وزیراعظم نواز شریف اڈیالہ جیل میں اسیر ہیں جہاں پانی کی کمی کے باعث ان کی طبیعت خراب ہوگئی تھی جس پر پمز ہسپتال کے ڈاکٹر مجاہد، ڈاکٹر شفیق اور ڈاکٹر ذوالفقار پر مشتمل تین رکنی میڈیکل ٹیم تشکیل دی گئی تھی جس نے سابق وزیراعظم کا معائنہ بھی کیا تھا۔