سیاسی جماعتوں نے انتخابی نتائج پرتحفظات کا اظہارکردیا

ن لیگ، پیپلزپارٹی، جماعت اسلامی، ایم کیوایم، پی ایس پی سمیت دیگرنے الزام عائد کیا کہ پولنگ ایجنٹس کو فارم45 نہیں دیا جارہا،بند کمرے میں نتائج تبدیل کیے جا رہے ہیں،الیکشن کمیشن کوجواب دینا پڑے گا۔ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب

بدھ 25 جولائی 2018 23:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 25 جولائی 2018ء): پاکستان مسلم لیگ ن ،پیپلزپارٹی ، جماعت اسلامی ، ایم کیوایم ، پی ایس پی سمیت دیگر جماعتوں نے انتخابی نتائج پرتحفظات کا اظہار کردیا ہے،سیاسی جماعتوں کا کہنا ہے کہ پولنگ ایجنٹس کو تصدیق شدہ فارم 45 نہیں دیے جارہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے کہا کہ کمرے بند کرکے نتائج تبدیل کیے جارہے ہیں،الیکشن کمیشن کوجواب دینا پڑے گا،پولنگ ایجنٹس کو فارم 45 نہیں دیاجارہا،پولنگ ایجنٹس کوباہر نکال دیا گیا ۔

انہوں نے لاہور سمیت پنجاب بھر کے بعض انتخابی حلقوں میں پولنگ ایجنٹس کوفارم 45 نہ دینے پرشدید تحفظات کا اظہار کیا اور اس عمل کی مذمت کی ہے کہ پولنگ ایجنٹس کوانتخابی نتائج کی گنتی کے دوران باہر نکال دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اویس لغاری،رانا ثناء اللہ،ایاز صادق ،پرویز ملک اور دیگر حلقوں میں فارم 45 پولنگ ایجنٹس کونہیں دیاجارہا ہے۔

ہمارے پولنگ ایجنٹس کو نکال دیا گیا ہے۔ دروازے بند کرکے فارم 45 اندر رکھ کراس میں کیا تبدیلی کی جارہی ہے۔ راولپنڈی میں دانیال چوہدری کا رزلٹ روک لیا گیا ہے۔مریم نے کہا کہ پولنگ ایجنٹس کا قانونی حق ہوتا ہے کہ وہ اندر بیٹھیں ۔لیکن ان کونکال دیاگیا۔ ہمارے پاس تفصیلات باقی حلقوں سے بھی آرہی ہے۔تبدیلی کا حساب دینا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ جس قسم کی دھاندلی ان بند کمروں میں ہورہی ہے ۔

اگر ایسا نہیں ہے تودروازے کھولے جائیں۔ مسلم لیگ ن مطالبہ کرتی ہے کہ الیکشن کمیشن ان تمام چیزوں کاجواب دے۔ہمارے پولنگ ایجنٹس کوفوری اندر بھیجا جائے۔انہوں نے کہا کہ گر اس طرح کی کاروائی جارہی رہی۔اس سے قبل ایم کیوایم نے بھی کراچی میں رزلٹ تبدیل کرنے اور دھاندلی کے الزامات عائد کیے ہیں۔ پی ایس پی نے بھی الیکشن پرسوالیہ نشان لگا دیا۔

پی ایس پی کے رہنماء رضا ہارون نے کہا کہ ہمیں پولنگ اسٹیشنز پرتصدیق شدہ رزلٹ کی کاپی نہیں دی جارہی۔اسی طرح جماعت اسلامی نے بھی انتخابی نتائج پرشدید احتجاج کیا ہے۔پیپلزپارٹی کے رہنماؤں رضا ربانی ، شیری رحمن نے بھی پریس کانفرنس میں اعتراض کیا کہ الیکشن میں دھاندلی کی جارہی ہے۔ ہمارے پولنگ ایجنٹس کوتصدیق شدہ فارم 45 نہیں دیا جارہا۔