ہمارے پولنگ ایجنٹس کو فارم 45 نہیں دیا جارہا ،گنتی کے دوران بعض اسٹیشنز سے باہر نکال دیا گیا ‘(ن) کانتائج پر تحفظات کا اظہار

پولنگ اسٹیشنز میں نتائج تبدیل کیے جارہے ہیں ،بند کمروں میں ملک کا مینڈیٹ چوری ہورہا ہے ،الیکشن کمیشن کو جواب دینا پڑے گا ن) لیگ نے کبھی انتشار اور فساد کی بات نہیں کی ، اگر (ن) کا مینڈیٹ چوری ہوا تو نہ ہمیں اور نہ ہی عوام کو قبول ہوگا‘ مریم اورنگزیب، مصدق ملک کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 25 جولائی 2018 23:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 25 جولائی 2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے انتخابی نتائج پر اپنے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ (ن) لیگ کے پولنگ ایجنٹس کو فارم 45 نہیں دیا جارہا جبکہ ووٹوں کی گنتی کے دوران بعض اسٹیشنز سے باہر بھی نکال دیا گیا ،پولنگ اسٹیشنز میں نتائج تبدیل کیے جارہے ہیں اور بند کمروں میں ملک کا مینڈیٹ چوری ہورہا ہے ،صورتحال کا نوٹس لیا جائے اورالیکشن کمیشن کو جواب دینا پڑے گا،(ن) لیگ نے کبھی انتشار اور فساد کی بات نہیں کی ، اگر مسلم لیگ (ن) کا مینڈیٹ چوری ہوا تو نہ ہمیں اور نہ ہی عوام کو قبول ہوگا۔

ان خیالات کااظہار مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان مریم او رنگزیب نے مصدق ملک اور دیگر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

مریم اورنگزیب نے کہاکہ ہمیں نتائج پر تحفظات ہیں، مصنوعی نتیجے قبول نہیں ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ فارم 45 میں کیا تبدیلی کی جا رہی ہی ۔ ایسا کیا ہے جو بند کمروں میں ہو رہا ہے اور پولنگ ایجنٹس کو باہر نکال دیا گیا ہے، سارے معاملے پر مسلم لیگ (ن) تحقیقات کا مطالبہ کرتی ہے جبکہ الیکشن کمیشن کو اس بات کا جواب دینا پڑے گا۔

انہوںنے کہاکہ راناثنا اللہ ، دانیال عزیز اور دیگر کے حلقوں کے نتائج میں تبدیلی کی جارہی ہے۔ مصدق ملک نے کہاکہ ڈی جی خان میں رزلٹ روک لئے گئے۔ پرویز ملک ، ایاز صادق اورادیگر کے فارم 45روک لئے گئے ہیں۔ راناثنا اللہ کے حلقے سے ہمارے 9 پولنگ ایجنٹس کو باہر نکال دیا گیاہے۔ اسی طرح صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں بھی فارم 45روک لیا گیا ہے۔ بلوچستان، سینٹ الیکشن میں سب نے دیکھا کیا ہوا۔

انہوںنے کہاکہ ہم صبح سے پر امید تھے لیکن (ن) لیگ کے ساتھ زیادتی کی جارہی ہے،الیکشن کمیشن اور نگران حکومت حالات کا جائزہ لے۔ فارم 45کے بغیر ہمیں الیکشن قبول نہیں ہوگا۔انہوںنے کہاکہ اگر مینڈیٹ چوری کیا گیا تو بڑی تباہی آئے گی۔ٹوبہ ٹیگ سنگھ میں بھی دھاندلی کی جارہی ہے۔ الیکشن کمیشن نوٹس لے اس سے پہلے کہ مسلم لیگ (ن) کے کارکن نوٹس لیں ۔ انہوںنے کہاکہ خرم دستگیر جو مارجن سے جیت رہے تھے اب ان کے نتیجے کو بھی روک لیا گیا ہے۔(ن )لیگ نے کبھی انتشار اور فساد کی بات نہیں کی بلکہ ہمیشہ امن کی بات کی ہے اور اگر مسلم لیگ (ن) کا مینڈیٹ چوری ہوا تو نہ ہمیں قبول ہوگا اور نہ ہی عوام کو قبول کریں گے ۔