پی ٹی آئی نے ن لیگ کی الیکشن 2013ء کی تاریخ دہرادی

پی ٹی آئی کاحتمی انتخابی نتائج سے قبل ہی عمران خان کے وزیراعظم کا اعلان،ن لیگ نے 2013ء میں جیت کا اعلان ساڑھے گیارہ بجے جبکہ ترجمان پی ٹی آئی نے عمران خان کے وزیراعظم بننے کا اعلان ساڑھے10بجے ہی کردیا۔رپورٹ

بدھ 25 جولائی 2018 23:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 25 جولائی 2018ء): پاکستان تحریک انصاف نے مسلم لیگ ن کی تاریخ دہراتے ہوئے انتخابی نتائج سے قبل ہی عمران خان کے وزیراعظم بننے کا اعلان کردیا ہے،ن لیگ نے الیکشن 2013ء میں جیت کا اعلان ساڑھے گیارہ بجے جبکہ ترجمان پی ٹی آئی نے عمران خان کے وزیراعظم بننے کا اعلان ساڑھے 10بجے ہی کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن 2013ء کی تاریخ دہرا دی ہے۔مسلم لیگ ن نے انتخابات 2013ء میں الیکشن جیتنے کا اعلان ساڑھے گیارہ بجے جبکہ پی ٹی آئی نے ساڑھے دس بجے اعلان کرنے کا ریکارڈ قائم کردیا۔انتخابات 2013ء میں جب مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف نے الیکشن جیتنے کی تقریر کی توتحریک انصاف نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اس کودھاندلی قرار دیا تھا تاہم آج الیکشن 2018ء کے ابھی نتائج کا سلسلہ جاری ہے لیکن پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چوہدری نے ٹویٹ کیا کہ ”نیا پاکستان مبارک ہو،وزیراعظم عمران خان“ کا اعلان کرکے ن لیگ کی تاریخ دہرا دی ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب مسلم لیگ ن ، جماعت اسلامی ، ایم کیوایم ، پی ایس پی سمیت دیگر جماعتوں نے انتخابی عمل اور انتخابی نتائج میں دھاندلی کا الزام عائدکردیا ہے۔ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے کہا کہ کمرے بند کرکے نتائج تبدیل کیے جارہے ہیں،الیکشن کمیشن کوجواب دینا پڑے گا،پولنگ ایجنٹس کو فارم 45نہیں دیاجارہا،پولنگ ایجنٹس کوباہر نکال دیا گیا ۔

انہوں نے لاہور سمیت پنجاب بھر کے بعض انتخابی حلقوں میں پولنگ ایجنٹس کوفارم 45نہ دینے پرشدید تحفظات کا اظہار کیا اور اس عمل کی مذمت کی ہے کہ پولنگ ایجنٹس کوانتخابی نتائج کی گنتی کے دوران باہر نکال دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اویس لغاری،رانا ثناء اللہ،ایاز صادق ،پرویز ملک اور دیگر حلقوں میں فارم 45پولنگ ایجنٹس کونہیں دیاجارہا ہے۔

ہمارے پولنگ ایجنٹس کو نکال دیا گیا ہے۔ دروازے بند کرکے فارم 45اندر رکھ کراس میں کیا تبدیلی کی جارہی ہے۔ راولپنڈی میں دانیال چوہدری کا رزلٹ روک لیا گیا ہے۔مریم نے کہا کہ پولنگ ایجنٹس کا قانونی حق ہوتا ہے کہ وہ اندر بیٹھیں ۔لیکن ان کونکال دیاگیا۔ ہمارے پاس تفصیلات باقی حلقوں سے بھی آرہی ہے۔تبدیلی کا حساب دینا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ جس قسم کی دھاندلی ان بند کمروں میں ہورہی ہے ۔

اگر ایسا نہیں ہے تودروازے کھولے جائیں۔مسلم لیگ ن مطالبہ کرتی ہے کہ الیکشن کمیشن ان تمام چیزوں کاجواب دے۔ہمارے پولنگ ایجنٹس کوفوری اندر بھیجا جائے۔ واضح رہے ملک بھر میں انتخابی نتائج کا سلسلہ جاری ہے۔قومی اسمبلی کی کل 272نشستوں میں 96پرتحریک انصاف آگے اور مسلم لیگ ن 66،جبکہ پیپلزپارٹی 37نشستوں پرآگے ہے۔