صوابی، پولنگ اسٹیشن کے قریب پی ٹی آئی اور اے این پی کے کارکنوں کے مابین فائرنگ کا تبادلہ

پی ٹی آئی کے انجینئر شاہ زیب جاں بحق ، مختیار جان سمیت تین کارکن شدید زخمی ،اے این پی کا بھی ایک کارکن زخمی

بدھ 25 جولائی 2018 18:54

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 25 جولائی 2018ء)قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 19صوابی2میں واقع صوبائی اسمبلی کے حلقے پی کے 47صوابی5کے کرنل شیر کلے نواں کلی کے گورنمنٹ پرائمری سکول جمال آباد بنگزارہ پولنگ اسٹیشن کے قریب امیدواروں کے کیمپوں پر پی ٹی آئی اور اے این پی کے کارکنوں کے مابین فائرنگ کے تبادلے کے دوران پی ٹی آئی کے دیرینہ رہنما ء مختیار جان کاکا کا جواں سال صاحبزادہ انجینئر شاہ زیب جاں بحق جب کہ مختیار جان کاکا سمیت پی ٹی آئی کے تین کارکن شدید زخمی اور اے این پی کا ایک کارکن بھی زخمی ہو گیا۔

پولیس تھانہ کالو خان کی رپورٹ کے مطابق الیکشن کیمپ میں اے این پی اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کے مابین تکرار ہوئی اس دوران اے این پی کے کارکنوں کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں پی ٹی آئی کا سر گرم کارکن انجینئر شاہ زیب ولد مختیار جان کاکا موقع پر جاں بحق جب کہ فائرنگ سے مختیار جان کاکا ،محمد سلیم اور شہزاد شدید زخمی ہو گئے جب کہ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق فائرنگ سے اے این پی کا ایک کارکن عدنان بھی زخمی ہوا ہے تاہم اس کی رپورٹ تھانہ کالو خان میں درج نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

کالو خان پولیس نے مجروح مختیار جان کاکا کی رپورٹ پر اے این پی کے ضلعی صدر و پی کے 47صوابی5 سے امیدوار حاجی امیر الرحمن اور جان محمد عرف جانے کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے وقوعہ کے بعد پولنگ کا عمل جاری رہا اس حلقے سے پی ٹی آئی کے مرکزی وائس چیر مین اور سابق صوبائی سینئروزیر برائے صحت شہرام خان ترکئی ، اے این پی کے ضلعی صدر حاجی امیر الرحمن اور مسلم لیگ ن کے اعجاز اکرم باچا کے مابین مقابلہ تھا ۔

مقتول شاہ زیب کو بدھ کی شام اپنے آبائی قبرستان نواں کلی میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ وہ حال ہی میں انجینئرنگ یونیورسٹی پشاور میں انجینئرنگ کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد سی ایس ایس کے امتحانات کے لئے تیاریاں کر رہے تھے ۔ مقتول پی ٹی آئی کے ایک سر گرم کارکن تھے جب کہ ان کے مجروح والد مختیار جان کاکا ترکئی خاندان کی عوامی جمہوری اتحاد کے بانی رہنما تھے۔