تحریک لبیک نے انتخابات میں دھاندلی کے خلاف دھرنے کا اعلان کردیا

بدھ 25 جولائی 2018 23:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 25 جولائی 2018ء):تحریک لبیک نے انتخابات میں دھاندلی کے خلاف دھرنے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن 2018 کو پاکستان کی تاریخ کا اہم ترین الیکشن سمجھا جارہا ہے۔اس الیکشن کی خاص بات یہ ہے کہ ان انتخابات کے نتیجے میں پہلی مرتبہ ایسا ہوگا کہ انتقال اقتدار جمہوری انداز سے تیسری حکومت کے سپرد ہوگا۔

اس الیکشن کو اس لیے بھی اہم قرار دیا جارہا ہے کہ اس الیکشن میں بہت سی سیاسی جماعتوں کا سیاسی مستقبل بھی طے ہو گا بالخصوص مسلم لیگ ن اور پاکستان کی ابھرتی ہوئی سیاسی طاقت تحریک انصاف۔ دونوں جماعتوں نے ہی اس الیکشن کو بڑا سیاسی معرکہ سمجھ کر سیاسی جنگ شروع کر دی ہے۔اہم تازہ ترین سیاسی صورتحال میں ایک جماعت ایسی بھی ہے جو اس سیاسی عمل میں بالکل نوزائیدہ ہے مگر اس نے بڑی بڑی سیاسی جماعتوں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔

(جاری ہے)

الیکشن سے قبل یہ کہا جارہا تھا پنجاب اور سندھ میں تحریک لبیک کی پوزیشن مضبوط ہے ۔دونوں صوبوں کے اکثر حلقوں میں تحریک لبیک پاکستان ملک کی تیسری بڑی سیاسی اور ملک کی پہلی بڑی مذہبی سیاسی جماعت بن کر ابھرے گی۔جبکہ دونوں صوبوں میں 13 حلقے ایسے بھی ہیں جہاں جہاں تحریک لبیک کا ووٹ بینک بڑی سیاسی جماعتوں سے زیادہ ہوگا۔خبر یہ بھی ہے تحریک لبیک بڑی جماعتوں کا ووٹ بینک توڑے گی اور پنجاب میں مسلم لیگ ن اس براہ راست متاثر ہو گی۔

ان تبصروں کی بنیاد پر تحریک لبیک کے رہنما اور کارکنان یہ سمجھ رہے تھے کہ وہ قومی اور صوبائی اسمبلی کی سیٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے ۔تاہم انتخابات کے نتائج تحریک لبیک کے حق میں جاتے دکھائی نہیں دے رہے جس کے بعد تحریک لبیک نے اپنے کارکنان کو دھرنے کی کال دے دی ہے۔تحریک لبیک نے کارکنوں کو دھرنے دینے کی کال دے دی ہے اور ترجمان تحریک لبیک پاکستان کا کہنا ہے کہ کارکنوں کو مرکز سے دو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ترجمان کے مطابق پہلی ہدایت کارکنوں کو پولنگ اسٹیشنز کے باہر پہنچنے اوردوسری نتائج نہ ملنے پر دھرنا دینے کا کہا گیا ہے۔