تحریک انصاف نے بلاول بھٹو کو پیپلز پارٹی کے مضبوط ترین گڑھ میں شکست دے دی

کراچی کے علاقے لیاری میں تحریک اںصاف کے امیدوار پیپلز پارٹی کے چئیرمین کے مقابلے میں 12 ہزار ووٹ کی برتری حاصل کر گئے

جمعرات 26 جولائی 2018 03:39

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 25 جولائی 2018ء) تحریک انصاف نے بلاول بھٹو کو پیپلز پارٹی کے مضبوط ترین گڑھ میں شکست دے دی، کراچی کے علاقے لیاری میں تحریک اںصاف کے امیدوار پیپلز پارٹی کے چئیرمین کے مقابلے میں 12 ہزار ووٹ کی برتری حاصل کر گئے۔ تفصیلات کے مطابق انتخابات 2018 کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔

بدھ کے روز ہونے والے پاکستان کے دسویں عام انتخابات کے سلسلے میں پولنگ شام 6 بجے ہی ختم ہوگئی تھی۔ پولنگ ختم ہونے کے ایک گھںٹے بعد غیر سرکاری غیر حتمی نتائج آنے کا سلسلہ شروع ہوا۔ اس سلسلے میں قومی اسمبلی کی 272 میں سے 260 نشستوں کے 30 سے 40 فیصد پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج بھی سامنے آ چکے ہیں۔

(جاری ہے)

اب تک موصول ہونے والے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق تحریک انصاف باقی جماعتوں پر برتری حاصل کیے ہوئے ہے۔

قومی اسمبلی کی 272 میں سے 260 نشستوں کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج میں سے تحریک انصاف اب تک کل 111، ن لیگ کو 58، پیپلز پارٹی کو 32 جبکہ آزاد امیدواروں کو 29 نشستوں پر برتری حاصل ہے۔ جبکہ مزید غیر سرکاری غیر حتمی نتائج آنے کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ دوسری جانب تحریک انصاف نے ن لیگ کے کئی مضبوط شہروں میں کلین سوئپ بھی کیا ہے۔ ان شہروں میں فیصل آباد، راولپنڈی اور اسلام آباد شامل ہیں۔

جبکہ میڈیا میں عمران خان کو ملک کا آئندہ وزیراعظم بھی قرار دے دیا گیا ہے۔ تحریک اںصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے بھی وزیراعظم عمران خان کا پیغام جاری کردیا ہے۔ تاہم انتخابی نتائج میں برتری حاصل ہونے کے باوجود تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے تاحال تقریر نہیں کی ہے۔ اب تحریک انصاف کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ پارٹی کے سربراہ عمران خان فاتحانہ تقریر شب 2 بجے کے بعد کریں گے۔

عمران خان مزید انتخابی نتائج کا انتطار کر رہے ہیں جس کے بعد وہ تقریر کریں گے۔ دوسری جانب تحریک انصاف ایک اور اپ سیٹ کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ ابتدائی نتائج میں تحریک انصاف نے بلاول بھٹو کو پیپلز پارٹی کے مضبوط ترین گڑھ میں شکست دے دی ہے۔ کراچی کے علاقے لیاری میں تحریک اںصاف کے امیدوار پیپلز پارٹی کے چئیرمین کے مقابلے میں 12 ہزار ووٹ کی برتری حاصل کر گئے ہیں۔ تاہم اب تک سرکاری نتائج کا اعلان نہیں کیا گیا۔