وزیراعظم دیکھنا میرا مشن تھا،نا اہلی کیخلاف اپیل کا فیصلہ میرے حق میں نہ آیا تو گھر بیٹھ جائوں گا، جہانگیر ترین

پنجاب میں ہمارے ایم پی ایز کی تعداد 131 ہو چکی ہے،تحریک انصاف سب سے بڑی جماعت بن کر حکومت بنانے کے قریب ہے ، گفتگو

پیر 30 جولائی 2018 19:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 30 جولائی 2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین نے سیاست سے کنارہ کش ہونے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کو وزیراعظم دیکھنا میرا مشن تھا،نا اہلی کیخلاف اپیل کا فیصلہ میرے حق میں نہ آیا تو گھر بیٹھ جائوں گا۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء جہانگیر خان ترین نے کہا کہ عمران خان کو وزیراعظم کے عہدے پر دیکھنا میرا مشن تھا جیسے ہی عمران خان وزیراعظم بنیں گے میں سیاست سے کنارہ کشی اختیار کر لوں گا اور گھر بیٹھ جائو نگا ۔

ایک سوال کہ آپ کی نا اہلی کیخلا ف اپیل کا فیصلہ آنا بھی باقی ہے اور آپ ابھی سے دلبر داشتہ ہو گئے ہیں جس پر جہانگیر ترین نے کہا کہ اگر فیصلہ میرے حق میں آ یا تو بہتر ورنہ مزید سیاست جاری نہیں رکھوں گا اور گھر بیٹھوںگا کیونکہ اگر قانون مجھے اسمبلی کیلئے اہل نہیں سمجھتا تو پھر میرا گھر بیٹھنا ہی بہتر ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ہمارے ایم پی ایز کی تعداد 131 ہو چکی ہے ۔تحریک انصاف سب سے بڑی جماعت بن کر حکومت بنانے کے قریب ہے جبکہ مزید آزاد ارکان بھی شامل ہو رہے ہیں۔