کسی بھی سیاسی جماعت کو کہیں بھی دھاندلی کا کوئی شبہ ہے تو پی ٹی آئی اس حلقے کو کھولنے کے لیے تیار ہے، نعیم الحق

پیر 30 جولائی 2018 20:15

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 30 جولائی 2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء نعیم الحق نے کہا ہے کہ اگر کسی بھی سیاسی جماعت کو کہیں بھی دھاندلی کا کوئی شبہ ہے تو پی ٹی آئی اس حلقے کو کھولنے کے لیے تیار ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کراچی کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے اور کراچی کے عوام نے پاکستان پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کو مسترد کر دیا ہے کیونکہ یہ جماعتیں کراچی جیسے بڑے شہر کے لوگوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں بھی مکمل ناکام رہی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پارٹی مشاورت جاری ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب کا فیصلہ عمران خان کریں گے۔ نعیم الحق کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کی بہتری پاکستان تحریک انصاف کی اولین ترجیح ہو گی اور ہماری جماعت کی تمام تر پالیسیاں نچلے طبقے کی بہتری کے لیے ہوں گی۔

(جاری ہے)

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں دھاندلی کے الزمات سمیت دیگر مسائل کے حل کے لیے پارلیمنٹ کے بہترین فورم کو استعمال کریں اور ملک میں جمہوریت کو مضبوط بنانے کے لیے اجتماعی اقدامات کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کی تمام جماعتوں کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔