شہباز شریف اور نواز شریف کی پمز اسپتال میں خفیہ ملاقات

شہباز شریف عقبی راستے سے اسپتال میں داخل ہوئے،ملاقات 15 منٹ جاری رہی ،شہباز شریف نے نواز شریف سے طبیعت کے متعلق پوچھا

پیر 30 جولائی 2018 23:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 30 جولائی 2018ء)شہباز شریف اور نواز شریف کی پمز اسپتال میں خفیہ ملاقات ہوئی۔ شہباز شریف عقبی راستے سے اسپتال میں داخل ہوئے،ملاقات 15 منٹ جاری رہی ۔شہباز شریف نے نواز شریف سے طبیعت کے متعلق پوچھا۔تفصیلات کے مطابق شہباز شریف نے آج نواز شریف سے اسپتال میں ملاقات کرنے کے لیے نگران حکومت کو درخواست دی تھی۔

جس پرنگراں وزیرداخلہ پنجاب شوکت جاوید کا کہنا تھا کہ شہبازشریف نےنوازشریف سے ملاقات کیلیےنگراں حکومت سےدرخواست کی تھی تاہم جب تک ڈاکٹرزکہیں گےنوازشریف کواسپتال میں رکھیں گے۔جیل قانون کے مطابق جمعرات کو قیدی سےاہلخانہ مل سکتے ہیں۔اسپتال میں بھی جیل والاقانون ہی لاگوہوگا۔تاہم اب سامنے آنے والی تازہ ترین اطلاعات کے مطابق شہباز شریف نے نواز شریف سے پمز اسپتال میں خفیہ ملاقات کی ہے۔

(جاری ہے)

شہباز شریف کارڈیک یونٹ کے عقبی راستے سے اسپتال میں داخل ہوئے جبکہ اس موقع پر کاریڈور کی لائیٹیں بھی بند کر دی گئیں تھیں ۔شہباز شریف ،نواز شریف کے نجی وارڈ میں آئے اور انہوں نے نواز شریف سے ملاقات کی۔یہ ملاقات 15سے 20 منٹ جاری رہی جس میں شہباز شریف نے نواز شریف کئ احوال پرسی کی۔یاد رہے کہ گذشتہ روز اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیراعظم نواز شریف کی طیبعت ناساز ہو گئی جس پر نگران حکومت نے نواز شریف کو پمز اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا لیکن نواز شریفکی میڈیکل ٹیم کے مطابق نواز شریف نے علاج کے لیے پمز اسپتال منتقل ہونے سے ایک مرتبہ پھر انکار کر دیا۔

ذاتی معالج کے معائنے اور مشورے کے بعد انہوں نے اسپتال جانے کے لیے رضامندی ظاہر کی جس پر بعد ازاں نواز شریف کو علاج کے لیے پمز اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔ اسپتال منتقلی سے قبل جیل میں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز اور ان کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کی بھی ان سے ملاقات کروائی گئی۔۔۔جیل کے ڈاکٹروں کے مطابق نواز شریف کی ای سی جی درست نہیں ، ان کے بائیں بازو اور سینے میں درد اور قبض کی بھی شکایت ہے ۔ کارڈیک سنٹر میں پمز کے ماہر امراض قلب ڈاکٹر نعیم ملک نے نواز شریف کا تفصیلی معائنہ کیا۔