الیکشن کے دوران بے ضابطگیوں کے ذمہ داران کو بلایا جائے گا،ایاز صادق اور شاہد خاقان عباسی کو چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات سے نہیں روکا گیا، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر عمران خان، بلاول بھٹو زرداری اور شاہد خاقان عباسی کونوٹسز جاری کردیئے گئے،

ترجمان الیکشن کمیشن الطاف احمد کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

پیر 30 جولائی 2018 01:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 30 جولائی 2018ء) الیکشن کمیشن کے ترجمان الطاف احمد نے کہا ہے کہ الیکشن کے دوران جو بے ضابطگیاں ہوئی ہیں ان کے خلاف فوری طور پر نوٹس لیا گیا،جو بھی ذمہ داران ہیں ان کو بلایا جائے گا،ایاز صادق اور شاہد خاقان عباسی کو چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات سے نہیں روکا گیا، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر عمران خان، بلاول بھٹو زرداری اور شاہد خاقان عباسی کونوٹسز جاری کردیئے گئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایاز صادق کو چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات سے نہیں روکا گیا بلکہ وہ چیف الیکشن کمشنر سے نہیں بلکہ الیکشن کمیشن کے سارے ارکان سے ملنا چاہتے تھے۔

(جاری ہے)

چیف الیکشن کمشنر اپنے دفتر میں 5 بجے تک موجود ر ہے اور اس کے بعد وہ چلے گئے لیکن ایاز صادق اورمسلم لیگ ن کے رہنما ان کے جانے کے بعد الیکشن کمیشن کے دفتر آئے جس وقت چیف الیکشن کمشنر آفس سے جا چکے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس موقع پر انہوں نے جن الفاظ کا استعمال کیا وہ بھی ٹھیک نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کے دوران جو بے ضابطگیاں ہوئی ہیں ان کے خلاف فوری طور پر نوٹس لیا گیا اور جو بھی ذمہ داران ہیں ان کو بلایا جائے گا۔