وفاق سمیت پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بآسانی حکومت بنا لیں گے،وزیراعلیٰ پنجاب کا حتمی فیصلہ عمران خان ہی کریں گے،

تحریک انصاف کے رہنما چوہدری محمد سرور کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

پیر 30 جولائی 2018 00:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 30 جولائی 2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ ہم وفاق سمیت پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بآسانی حکومت بنا لیں گے، پنجاب کے وزیراعلیٰ کے لیے پنجاب کے عوام اور پارٹی سے مشاورت جاری ہے حتمی فیصلہ عمران خان ہی کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ منتخب ہونے والے تمام آزاد امیدوار پی ٹی آئی میں آنا چاہتے ہیں ان میں سے کوئی بھی (ن) لیگ کو جوائن نہیں کرے گا، آزاد امیدواروں کے ووٹرز کا بھی یہی مطالبہ ہے کہ وہ پی ٹی آئی جوائن کریں۔ انہوں نے کہا کہ (ق) لیگ سے ہم نے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی تھی اسلیے اخلاقی طور پر یہ سیٹیں ہماری ہیں، (ق) لیگ کے لوگ ایسے نہیں کہ وہ ہم سے وزارت اعلیٰ کی سیٹ مانگیں البتہ یہ ممکن ہے کہ (ق) لیگ کے لوگ پنجاب میں ہم سے کچھ وزارتیں مانگیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ہم پنجاب میں حکومت بنانے کی مضبوط پوزیشن میں ہیں کیونکہ پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی اور ایم ایم اے کے ارکان مل بھی جائیں تو بھی پنجاب میں پی ٹی آئی کی سیٹیں زیادہ ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 25 جولائی کو ملک میں ہونے والے عام انتخابات پاکستان کی تاریخ کے شفاف ترین انتخابات تھے، کسی ایک جگہ پر بھی دھاندلی کے کوئی ثبوت نہیں دئیے گئے، انتخابات بالکل شفاف ہوئے ہیں،کسی بھی ووٹر نے دھاندلی کی شکایت نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن 2018ء میں سب کو ووٹ دینے کی مکمل آزادی تھی اور نہ ہی کہیں سے ٹھپے لگانے کی کوئی شکایت موصول ہوئی۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا حتمی فیصلہ عمران خان ہی کریں گے۔