نوازشریف کی صحت کے حوالے سے ایمر جنسی کی صورتحال نہیں ‘ نگران وزیر داخلہ

یہ درست ہے سابق وزیر اعظم ہسپتال جانے کیلئے تیار نہیں تھے ،اپنے معالج کے کہنے پر اس کیلئے تیار ہوئے ‘ شوکت جاوید

منگل 31 جولائی 2018 17:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 31 جولائی 2018ء)نگران صوبائی وزیر داخلہ شوکت جاوید نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم نوازشریف کی صحت کے حوالے سے ایمر جنسی کی صورتحال نہیں ،ڈاکٹروںنے انہیں حفظ ماتقدم کے طور پر ہسپتال منتقل کرنے کی تجویز دی ہے ، ایسی کوئی رپورٹس نہیں آئیں کہ انہیں بیرون ملک کسی خصوصی علاج کی ضرورت ہے ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ سابق وزیر اعظم کو ڈاکٹروں کی ہدایات پر پمزہسپتال منتقل کیا گیا ہے اور جب ڈاکٹر ان کی صحت بارے تسلی بخش رپورٹ دیں گے تو وہ چلے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ درست ہے کہ نواز شریف ہسپتال جانے کیلئے تیار نہیں تھے تاہم وہ اپنے معالج کے کہنے پر اس کے لئے تیار ہوئے ۔ انہوںنے کہا کہ نواز شریف کی کچھ رپورٹس ٹھیک نہیں آرہی تھیںجس پر ڈاکٹروں نے انہیں حفظ ماتقدم کے طور پر ہسپتال منتقل کیا ہے تاہم ان کی صحت کے حوالے سے ایمر جنسی کی صورتحال نہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے نواز شریف کی طرف سے بیرون ملک علاج کیلئے کوئی درخوات موصول نہیں ہوئی ۔ پاکستان میں دل کے امراض کا بہترین علاج موجود ہے ۔انہوں نے حکومت سازی کے لئے توڑ جوڑ کے سوال کے جواب میں کہا کہ پوری دنیا میں حکومت سازی کیلئے ایسا ہوتا ہے ،دس اگست تک الیکشن کمیشن نے تمام اراکین کا نوٹیفکیشن کرنا ہے اور اس سے چوبیس سے اڑتالیس گھنٹوں میں قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا جائے گا اور ا س کے بعد صوبائی اسمبلیوں کے اجلاس ہوں گے۔