پاکستان میں 67 لاکھ افراد روزانہ گیارہ ارب روپے مالیت کی منشیات استعمال کرتے ہیں،بینش ضیاء

منگل 31 جولائی 2018 23:54

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 31 جولائی 2018ء) پاکستان میں اب تک 67 لاکھ سے زائید افراد منشیات کے استعمال کے عادی ہیں ہوچکے ہیں اور ہر فرد کو منشیات کے استعمال کے لئے روزآنہ 150 روپے کی ضرورت ہوتی ہے جس کی بنا پر ملک میں روز انہ گیارہ ارب روپے مالیت کی منشیات استعمال کی جاتی ہے۔یہ بات منشیات کے استعمال کی روک تھام کی تجربہ کار ٹریننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ کی ماہر اور ممتاز کلینیکل سائیکلوجسٹ بینش ضیاء نے گزشتہ روز محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی میں منشیات کے استعمال کے خلاف منائے جانے والے عالمی دن کی مناسبت سے منعقد ہونے والے ایک سیمینار سے خطاب کے دوران بتائی جس کا اہتمام یونیورسٹی کی بزنس ایڈمنسٹریشن اینڈ سوشل سائینسز فیکلٹی کی جانب سے کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں منشیات استعمال کرنے والوں کی تعداد میںہر سال 40 ہزار نئے افراد کا اضافہ ہو رہا ہے جس کی روک تھام پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ منشیات استعمال کرنے والے افراد میں 8 لاکھ 60 ہزار افراد ہیروئن کا باقاعدگی کے ساتھ استعمال کرتے ہیں جبکہ ہماری کل آبادی کے تین اعشاریہ چھ فی صد افراد چرس پیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 4 لاکھ 30ہزار افراد انجیکشن کے ذریعے ہیروئن کا باقاعدگی کے ساتھ استعمال کرتے ہیںجن میں 73فی صد ہیرونچی استعمال شدہ سرنج استعمال کرتے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ گھر سے بھاگے ہوئے 25ہزار اسٹریٹ چلڈرن منشیات کے عادی ہوتے ہیں جبکہ 78 فی صد مرد اور 22فی صد خواتین منشیات کرتے ہیں دوسری جانب 20 لاکھ نوجوان ڈرگ استعمال کرنے لگے ہیں۔

بینش ضیاء کے مطابق پنجاب میں 29 لاکھ افراد اور خیبر پختونخواہ کی آبادی کے 10 اعشاریہ 9 فی صد افراد منشیات کے عادی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے علاوہبھارت،مالدیپ،نیپال،بنگلہ دیش اور تھائی لینڈ میں ایک بڑی تعداد میں منشیات استعمال کی جاتی ہے جبکہ افغانستان کا شمار دنیا میں سب سے زیادہ منشیات تیار کرنے والے ملک میں کیا جاتاہے جہاں نیٹو کی افواج کے انخلاء کے بعد پیدا ہونے والی بے یقینی کی صورتحال کے نتیجے میں منشیات کی اسمگلنگ میں بے حد اضافہ ہو گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ خود اعتمادی، فیصلہ کرنے کی قوت،کمیونیکشن کی مہارت، حالات کے دباو کو قبول کرنے،دباو کی کیفیت میں کام کرنے،وقت کی پابندی اور غصہ پر قابو پانے کی صلاحیت کے حامل افرادخو د کو منشیات کے استعمال سے بہ آسانی محفوط رکھ سکتے ہیں۔